عظمیٰ نیوزسروس
جموں// سبکدوش ہونے والے چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا کو سول سیکرٹریٹ جموں میں اُن کی سبکدوشی پر الوداعیہ دیاگیا۔اِس موقعہ پر ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے خطاب کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے چیف سیکرٹری کے طورپراَپنے دور کو یادکیا اور دفتر ی عملے کی طرف سے فراہم کردہ تعاون پر اُن کی تعریف کی۔ڈاکٹرارون کمار مہتا نے جموں و کشمیر کی اِنتظامی ٹیم میں تال میل کو فروغ دینے میں جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے تعاون کا بھی اعتراف کیا۔ اُنہوں نے تمام اَفسروں اور معاون عملے پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر میں شفافیت اور کارکردگی کو فروغ دینے میں اَپنی کوششوں کی کامیابی پر فخر محسوس کریں۔اِس موقعہ پرعملے نے صحت اور خوشیوں سے بھرپور ریٹائرمنٹ پر نیک خواہشات کا اِظہار کیا۔تقریب میں سپیشل سیکرٹری، ایڈیشنل سیکرٹریز ، ڈپٹی سیکرٹریز، اَنڈر سیکریٹریز، پرائیویٹ سیکرٹریز کے علاوہ سول سیکرٹریٹ دونوںحصوں کے دیگر گزیٹیڈ اور نان گزیٹیڈ عملہ نے شرکت کی۔