مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن میں ساگرہ تا بھلاڑ 4کلو میٹر سڑک گزشتہ 12برسوں سے مکمل ہی نہیں کی جاسکی جس کی وجہ سے مکینوں کیساتھ ساتھ ٹرانسپورٹروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔مکینوں نے محکمہ پی ڈبلیو ڈی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ زمینی کٹائی اور بجری بچھانے کے بعد سڑک پر تارکول بچھانے کیلئے محکمہ کی جانب سے کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایاکہ اس وقت سڑک کھڈوں میں تبدیل ہو چکی ہے جس کی وجہ سے گاڑیوں کا چلنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ سرحدی علاقوں کو آپس میں جوڑنے والی سڑک مکمل نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنے کے دوران ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے ۔مقامی پنچایتی اراکین نے بتایا کہ انہوں نے پروجیکٹ کو جلد مکمل کرنے کے سلسلہ میں کئی مرتبہ متعلقہ محکمہ کے ملازمین و آفسران سے رجوع کیا لیکن ہر مرتبہ ا ن کو جھوٹی یقین دہانیاں دی جاتی رہی ہیں جبکہ عملی طورپر کوئی کام نہیں کیا گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ سرحدی علاقوں میں جانے والی چار کلو میٹر سڑک کو جلد ازجلد مکمل کیا جائے جبکہ متعلقہ محکمہ کی جانب سے کئے گئے کام کی تحقیقات کروائی جائے اور غیر قانونی عمل میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔