جموں//سانبہ میں پانی کی ایک بڑی ٹینکی منہدم ہوکر ایک مکان پر گری جس کے نتیجہ میں 2افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ اس واقعہ کی تحقیقات کیلئے مجسٹریل انکوائری کے احکامات جاری کئے گئے ہیں ۔ایک افسر نے بتایاکہ رام گڑھ کے زردا علاقے میں پانی ذخیرہ کرنے کیلئے بنی ٹینکی منہدم ہوکر ایک مکان پر گری جس کے فوری بعد طبی و سیکورٹی ٹیمیں موقعہ پر پہنچیں اور زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کیاجہاں ان کی حالت مستحکم ہے۔ادھرگورنر کے مشیر کے کے شرما نے سانبہ ضلع کے زردا گاؤں میں اوور ہیڈ ٹینک کے ڈھ جانے کے معاملے کی تحقیقات کیلئے ایک تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت دی ہے ۔ سانبہ کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر اروند کوتوال اس کمیٹی کے سربراہ ہوں گے جبکہ اودھمپور کے ایس ای اور تحصیلدار رام گڑھ اس کمیٹی کے ممبران ہوں گے ۔ اس کے علاوہ مشیر موصوف نے صحت عامہ ، آبپاشی و فلڈ کنٹرول کے تمام ڈھانچوں کی جامع حفاظتی جانچ کے احکامات بھی دئیے ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر سانبہ سشما چوہان نے بتایاکہ اس واقعہ کی تحقیقات کیلئے مجسٹریل انکوائری کے احکامات جاری کئے گئے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ انکوائری ٹیم کی قیادت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر سانبہ اروند کوتوال کریں گے جبکہ سپرانٹنڈنٹ انجینئر اودھمپور اور تحصیلدار رام گڑھ اس ٹیم کے ممبر ہوں گے ۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر نے تعمیرات عامہ ، پی ایچ ای اوربجلی محکمہ جات کو ہدایت دی ہے کہ وہ سکول ،دفاترسمیت تمام سرکاری عمارتوں کاتازہ سروے کرکے مزید کارروائی کیلئے رپورٹ پیش کریں ۔