نوگام دھماکہ اور دیگروقعات میں کئی سیکورٹی اہلکاروں کی موت
سرینگر//حکام نے بتایاکہ جموں و کشمیر میں2025 میں35 پرتشدد واقعات میں46ملی ٹینٹ مارے گئے، جبکہ مجموعی طور پر تشدد 25 سال کی کم ترین سطح کے قریب رہا۔ اہم کارروائیوں میں، سیکورٹی فورسز نے پہلگام حملے کے مجرموں، سلیمان شاہ عرف ہاشم موسیٰ، حمزہ افغانی اور زبران کو28 جولائی 2025 کو ایک تصادم میں ہلاک کیا۔سال کے دوران سب سے اہم فوجی کارروائی آپریشن سندور تھی، جو 7 مئی2025 کو 22 اپریل کو پہلگام حملے کا بدلہ لینے کیلئے شروع کی گئی تھی جس میں 25 سیاح اور ایک مقامی گائیڈ ہلاک ہوئے تھے ۔آپریشن سندورکے تحت، ہندوستان نے پاکستان اور پاکستان کے زیر قبضہ جموں و کشمیر (پی او جے کے) میںنو کیمپوں پر میزائل حملے کیے۔حکام نے بتایا کہ حملوں میں 100 سے زیادہ ملی ٹینٹ مارے گئے، جن میں کئی اعلیٰ قدر کے کمانڈر بھی شامل ہیں۔ بھارتی فوج نے7 کیمپوں کو تباہ کر دیا، جبکہ2کو بھارتی فضائیہ نے نشانہ بنایا۔پاکستان نے7 مئی سے 10 مئی تک لائن آف کنٹرول پر بھاری گولہ باری کا جواب دیا، خاص طور پر ضلع پونچھ میں، جس میں کم از کم 21 ہندوستانی شہری ہلاک ہوئے۔اسی عرصے کے دوران پاکستان نے مسلسل4 راتوں میں ڈرون حملوں کی کوشش بھی کی۔حکام نے بتایا کہ ہندوستانی فوج کے فضائی دفاعی یونٹس نے آنے والے تمام ڈرونز کو روکا اور بے اثر کر دیا۔ لائن آف کنٹرول کے ساتھ، ہندوستانی افواج نے زمینی ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے ایک درجن سے زیادہ لانچ پیڈ کو تباہ کر دیا۔بارڈر سیکیورٹی فورس نے اطلاع دی ہے کہ لائن آف کنٹرول کے پار دراندازی کی کوشش کرتے ہوئے8 ملی ٹینٹ مارے گئے۔سال2025 کے دوران سیکورٹی فورسز کی ہلاکتیں بھی رپورٹ ہوئیں۔ اپریل2025 میں ادھم پور کے بسنت گڑھ علاقے میں جھڑپ میں ایک فوجی مارا گیا تھا۔اس سال فروری میں اکھنور سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کے قریب ایک آئی ای ڈی دھماکے میں 2فوجی اہلکار اپنی جانیں گنوا بیٹھے تھے۔مئی میں سرحد پار فائرنگ اور اگست2025 میں بارہمولہ ضلع میں ایل او سی کے ساتھ کارروائی کے دوران اضافی ہلاکتیں ہوئیں۔کولگام، کشتواڑ، راجوری اور کپواڑہ میں انکاؤنٹر میں مزید نقصانات کی اطلاع ملی۔14 نومبر کو سری نگر کے مضافات میں نوگام پولیس اسٹیشن کے اندر ایک زور دار دھماکے میں 9 افراد ہلاک اور کم از کم32 دیگر زخمی ہوئے، جس سے وادی میں بے چینی پھیل گئی۔ ان ہلاکتوں پر پورے علاقے میں سوگ کا سماں تھا۔حکام نے کہا کہ انسداد دملی ٹینسی آپریشنز اور بارڈر مینجمنٹ سال بھر توجہ کا مرکز رہے کیونکہ سیکورٹی فورسز نے دراندازی کو روکنے اورملی ٹینٹوںکے نیٹ ورکس کو ختم کرنے کی کوششیں جاری رکھیں۔