یو این آئی
نئی دہلی/ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے لیے سال 2026 فتوحات کے نئے سنگ میل عبور کرنے کا سال ثابت ہوگا۔ اس سال مردوں اور خواتین کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے ساتھ ساتھ ایشیائی کھیلوں میں اپنے اعزاز کا دفاع کرنا ہندوستانی ٹیم کا اصل ہدف ہوگا۔2025 میں چیمپئنز ٹرافی اور ایشیا کپ میں کامیابی کے جھنڈے گاڑنے کے بعد، ہندوستانی مینز ٹیم اپنے 2026 کے سفر کا آغاز جنوری میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز (5 ٹی 20 اور 3 ون ڈے ) سے کرے گی۔ ہندوستان اور سری لنکا مشترکہ طور پر آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی کریں گے ۔ سوریہ کمار یادو کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم 2024 کے اپنے خطاب کا دفاع کرے گی۔ یاد رہے کہ آخری بار 2016 میں میزبانی کے دوران ہندوستان سیمی فائنل میں ویسٹ انڈیز سے ہار گیا تھا۔ سال کے دوسرے حصے میں ہندوستان، سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے خلاف دو دو ٹیسٹ میچوں کی ‘اوے سیریز’ کھیلے گا۔ ویمنز پریمیئر لیگ کا انعقاد جنوری-فروری میں ہوگا۔ جون-جولائی میں انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ کے بعد، ہندوستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں لارڈز کے تاریخی میدان پر پہلا ویمنز ٹیسٹ میچ کھیل کر نئی تاریخ رقم کریں گی۔مارچ سے مئی تک کرکٹ کا میلہ ہندوستان میں سجے گا، جس دوران کوئی انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا جائے گا۔ 19 ستمبر سے 4 اکتوبر تک جاپان کے شہروں آئیچی اور ناگویا میں ہونے والے ایشیائی کھیلوں میں بھارتی مرد اور خواتین ٹیمیں اپنے گولڈ میڈل کا دفاع کرنے کے لیے میدان میں اتریں گی۔مجموعی طور پر سال 2026 ہندوستانی کرکٹ شائقین کے لیے سنسنی خیز مقابلوں سے بھرپور ہوگا، جہاں ٹیم انڈیا کی نظریں عالمی رینکنگ میں اپنی برتری برقرار رکھنے پر مرکوز ہوں گی۔