عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے روایتی سالانہ امرناتھ یاترا کا رسمی آغاز کردیا ہے۔سرکاری طور پر یاترا 3جولائی سے شروع ہونے والی ہے۔مقدس گھپا میں ‘پرتھم پوجا‘ کی گئی اورلیفٹیننٹ گورنر نے سب کی سلامتی، خوشحالی، صحت اور تندرستی کے لیے دعا کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے تمام عقیدت مندوں کو دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ بڑی تعداد میں مقدس یاترا میں شامل ہوں اور روحانی سفر کا تجربہ کریں۔انکا کہنا تھا” یاترا 3 جولائی کو شروع ہو رہی ہے، انتظامیہ، شرائن بورڈ، فوج، پولیس، سیکورٹی فورسز، مقامی کمیونٹی، سروس پرووائڈر، رضاکار مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں، ہر سٹیک ہولڈر تمام یاتریوں کے لیے ایک محفوظ، پریشانی سے پاک اور ایک یادگار یاترا کو یقینی بنانے کے لیے وقف ہے‘‘۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ نمایاں طور پر اپ گریڈ شدہ انفراسٹرکچر، بہتر سہولیات اور جموں کشمیر کے لوگوں کی انمول حمایت کے ساتھ، ہم روحانی سفر کے لیے عقیدت مندوں کا خیرمقدم کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔شرائن بورڈ ہر سال جیشتھ پورنیما پر مقدس غار میں پرتھم پوجا کا اہتمام کرتا ہے۔ اس سال کی 57 روزہ یاترا باضابطہ طور پر 3 جولائی 2026 کو ایک ساتھ دونوں روایتی راستوں- ضلع اننت ناگ میں پہلگام محور اور گاندربل ضلع کے بالتل سے شروع ہوگی۔ یاترا 28 اگست 2026 کو رکھشا بندھن پر اختتام پذیر ہوگی۔