عظمیٰ نیوزسروس
بانہال // ہائیر سیکنڈری سکول گرلز بانہال کی طالبات اور سٹاف کے علاوہ بار ایسوسی ایشن بانہال نے اس المناک حادثے پر اپنے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سوگواران سے تعزیت کی ہے۔ سماجی کارکن اور بانہال بار کے سرکردہ وکیل ایڈوکیٹ خورشید رمضان وانی نے اس المناک حادثے پر اپنی اور بار ایسوسی ایشن بانہال کی طرف رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے بار ایسوسی ایشن بانہال میں اپنے ساتھی ایڈوکیٹ محمد رفیق ڈینگ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کیلئے اللہ رب العالمین سے صبر و تحمل عطا کرنے کی دعا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قصبہ بانہال سے گزرنے والی شاہراہ پر سی سی ٹی کیمروں کی اشد ضرورت ہے تاکہ تیز رفتار اور لاپرواہ ڈرائیوروں کی نکیل کسی جائے اور تیز رفتار اور مغرور قسم کے ڈرائیور کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں سے باز رکھا جائے۔ انہوں نے مہلوک طالبہ کے حق میں بھرپور معاوضہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔پرنسپل ہائیر سیکنڈری شبیر احمد تانترے نے سکول طالبہ کی المناک موت پر اپنے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صفوری رفیق سکول کی ایک قابل طالبہ تھیں اور ان کی موت سے سکول کی بچیاں اور سٹاف پر سکتہ طاری ہوا ہے اور پورے سکول میں ماتم کی فضا ہے۔انہوں نے ادارے کی طرف سے لواحقین سے اپنی تعزیت اور ہمدردی ہا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب یہ خبر سکول پہنچی تو سکول کی طالبات زارو قطار رونے لگیں اور درجنوں کی تعداد میں لڑکیاں بیہوش ہوگئیں اور سکول میں ہر طرف سے سوگوار فضا بنی رہی۔ انہوں نے کہا کہ بعد میں بیہوش بچیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی اور صبر کی تلقین کی گئی۔
ہائیر سیکنڈری گرلز بانہال کے سامنے فلائی اوور پل کی تعمیر کامطالبہ
عظمیٰ نیوزسروس
بانہال// سول سوسائٹی بانہال اور بار ایسوسی ایشن بانہال کے کئی ارکان نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ ہائیر سیکنڈری سکول گرلز بانہال میں چھ سو سے زائد طالبات زیر تعلیم ہیں اور یہاں شاہراہ پر ایک فلائی اوور پل کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ اس کیلئے ماضی میں بھی حکام سے استدا کی گئی تھی مگر اس پر کوئی کاروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بیکن آرگنائزیشن کے زیر کنٹرول قصبہ بانہال سے گزرنے والی شاہراہ کی حالت ناگفتہ بہ ہے اور حکام سے مطالبہ ہے کہ قصبہ بانہال سے گزرنے والی شاہراہ پر جابجا کھڈوں پر میکڈم بچھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کھارپورہ ، تحصیل دفتر بانہال ، ناگبل اور سابقہ ایکسائز ٹول پوسٹ تک شاہراہ پر جگہ جگہ کھڈے بنے ہیں اور اس طرف نہ بارڈر روڈ آرگنائزیشن اور ناہی تحصیل اور سب ڈویژن انتظامیہ بانہال کوئی غور کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صبوری رفیق جیسے واقعات سے سبق حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔
طالبہ کی حادثاتی موت پر رہبر تعلیم ٹیچرز فورم ودیگر انجمنیں مغموم
عظمیٰ نیوزسروس
بانہال // جموں کشمیر رہبر تعلیم ٹیچرز فورم نے بانہال قصبہ میں پیش آئے سڑک کے دلدوز حادثے میں لقمہ اجل بنی گیارہویں جماعت کی طالبہ صبوری رفیق دختر ایڈوکیٹ محمد رفیق ڈینگ سکنہ نیل بانہال کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔جموں و کشمیر رہبر تعلیم ٹیچرس فورم کے ترجمان اعلیٰ مظفر احمد وانی کی طرف سے جاری ایک تعزیتی بیان میں کہا گیا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں پوری اساتذہ برادری غمزدہ خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرحومہ صفورہ رفیق کے ایصال ثواب اور دعائے مغفرت کیلئے ایک تعزیتی اجلاس کیا گیا اور اللہ عزوجل سے دعا کی گئی کہ وہ لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور اس نقصان کا بہترین نعم البدل عطا کرے۔ ریاستی ترجمان مظفر احمد نے ٹریفک حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ قصبہ سے گزرنے والی پر گاڑیوں کی تیز رفتار ی پر پابندی عائد کرنے کے علاوہ سکولی اوقات میں گاڑیوں کی سپیڈ پر خاص نظر رکھیں تاکہ ایسے حادثات کو روکا جاسکے۔ انہوں نے ہائر سیکنڈری سکول گرلز بانہال کے مقام ایک ( Foot over bridge) شاہراہ کو عبور کرنے والا ایک پل تعمیر کرنے کا بھی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے تاکہ چھ سو سے زائد بچیوں کو آنے جانے وقت سڑک پار کرنے کے معاملے سے نجات مل سکے۔
محکمہ فزیکل ایجوکیشن کا طالبہ کی رحلت پر تعزیت
عظمیٰ نیوزسروس
بانہال // زونل فزیکل ایجوکیشن آفیسر بانہال سعاد اللہ میر اور دیگر فیلڈ عملے نے بانہال بازار میں شاہراہ پر سڑک حادثے میں گیارہویں جماعت کی طالبہ صبورہ رفیق دختر ایڈوکیٹ محمد رفیق ڈینگ سکنہ نیل بانہال کی ٹرک کی زد میں آکر موت واقع ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور اس واقع جھنجوڑ کر رکھ دینے والا حادثہ قرار دیا۔ محمد سعاد اللہ زونل فزیکل ایجوکیشن آفیسر بانہال کی طرف سے جاری ایک تعزیتی بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ اور ان کا محکمہ دکھ کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندان کے دکھ اور رنج میں برابر کی شریک ہے اور اس بیٹی کی موت نے پوری اساتذہ اور طالبعلم برادری کو رنج اور سکتے کے عالم میں ڈال دیا ہے۔ اس سلسلے میں ایک تعزیتی اور دعائیہ مجلس کا بھی انعقاد کیا گیا اور مرحومہ کے حق دعائے مغفرت اور جنت نشینی کی دعا کی گئی ہے۔