محتشم احتشام
پونچھ//وزیراعظم پوشن (پی ایم پوشن) اسکیم کے تحت زونل سطح کا کوکنگ مقابلہ گورنمنٹ مڈل اسکول کْلانی، ساتھرہ زون میں نہایت کامیابی اور جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوا، جسے تعلیمی اور سماجی حلقوں میں بے حد سراہا جا رہا ہے۔ یہ پروگرام اسکولی بچوں کے لئے معیاری، صحت بخش اور محفوظ غذائیت کی فراہمی کی سمت ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوا۔تقریب کا باضابطہ افتتاح چیف ایجوکیشن آفیسر پونچھ، مختار منہاس نے کیا۔ اس موقع پر تحصیلدار منڈی، پلوی ورما، زونل ایجوکیشن آفیسر ستھرا، نورین فاطمہ، ٹی ایس او منڈی، منموہن سوری اور تحصیل سوشل ویلفیئر آفیسر منڈی، اعظم۔ راتھر بھی موجود رہے۔ معزز مہمانوں نے اس اقدام کو پی ایم پوشن اسکیم کے تحت غذائی معیار، صفائی اور انتظامی صلاحیت کو بہتر بنانے کی ایک مثبت کوشش قرار دیا۔چیف ایجوکیشن آفیسر پونچھ نے اپنے خطاب میں کوکس کم ہیلپرز کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے مقابلے نہ صرف ان کی محنت کا اعتراف ہیں بلکہ انہیں غذائیت، صفائی اور فوڈ سیفٹی کے اعلیٰ معیار برقرار رکھنے کی ترغیب بھی دیتے ہیں، جو بچوں کی جسمانی و ذہنی نشوونما کے لئے نہایت ضروری ہے۔تحصیل سوشل ویلفیئر آفیسر منڈی نے بین محکمانہ اشتراک کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پی ایم پوشن اسکیم سماجی مساوات اور غذائی تحفظ کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے ککس کی روزمرہ خدمات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔زونل ایجوکیشن آفیسر ستھرا نے پروگرام کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس مقابلے کا مقصد ککس کی صلاحیتوں میں اضافہ، صفائی کے اصولوں کا فروغ، اختراع کی حوصلہ افزائی اور ان کی خدمات کا اعتراف ہے۔اس موقع پر پرنسپل ایچ ایس ایس بی منڈی انور خان، ڈی آئی ای ٹی پونچھ کے شعبہ سربراہ امتیاز بانڈے اور سینئر اسسٹنٹ ممتاز بھٹ نے تیار کردہ پکوانوں کا معائنہ کیا اور معیار، ذائقے اور صفائی پر اطمینان کا اظہار کیا۔مقابلے میں 128 ککس کم ہیلپرز، پی ایم پوشن کے انچارجز اور زون ستھرا کے مختلف سرکاری اسکولوں کے سربراہان نے شرکت کی۔ ماہر ججز کے پینل نے غذائیت، ذائقہ، صفائی، فوڈ سیفٹی اور پیشکش کی بنیاد پر نتائج مرتب کیے۔اس دوران پہلی پوزیشن مڈل اسکول شیخان فتح پور نے حاصل کی انھیں ایک 1000 روپئے کے انعام سے نوازا گیا، دوسری پوزیشن مڈل اسکول کلر، فتح پور نے حاصل کی انھیں 500 کے نقدی انعام سے نوازا گیا اورتیسری پوزیشن مڈل اسکول کْلانی نے حاصل کی انھیں بھی500 کے نقدی انعام سے نوازا گیا۔تمام شرکاء کو تعریفی اسناد پیش کی گئیں۔ پروگرام کا انعقاد سینئر اسسٹنٹ مشتاق حسین بیتاب کی نگرانی میں ہوا، جبکہ سجاد حسین شاہ، عرفان احمد خان اور ریحان پرویز (زونل نوڈل آفیسرز) نے انتظامی امور میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اسٹیج سیکریٹریز کے فرائض عرفان علی اور نیاز کرمانی نے انجام دیے۔آخر میں مہمانوں، منتظمین اور ککس کم ہیلپرز کا شکریہ ادا کیا گیا۔ اس زونل کوکنگ مقابلے کو تعلیمی محکمہ کی جانب سے بچوں کی صحت، غذائیت اور محنت کی قدر کو فروغ دینے کی ایک مثالی کوشش قرار دیا گیا۔