عاصف بٹ
کشتواڑ //ضلع کشتواڑ کے سب ڈویژن چھاترو کے علاقہ سگد سے تعلق رکھنے والے سابقہ ملی ٹینٹ شیر خان نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ آج کے ووٹنگ عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔ حرکت المجاہدین تنظیم سے وابستہ شیر خان سال2001 سے 2006 کے دوران ضلع کشتواڑ میں کافی سرگرم رہا تھاتاہم اس کے بعد وہ واپس مین سٹریم میں شامل ہو گیا تھا ۔ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوے شیر خان نے کہا کہ ووٹ دینا’’ ہم سب کا حق ہے اور میری سبھی سے اپیل ہے کہ وہ کل اپنا قیمتی ووٹ ڈال کر اپنا جمہوری حق ادا کریں ‘‘۔واضح رہے کہ شیر خان نے اونتی پورہ سری نگر میں اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ہتھیار ڈال دئیے تھے اور 13 سال قید میں رہنے کے بعد رہا ہوا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جب شیر خان سرگرم ملی ٹینٹ تھا اُس نے پورے علاقے میں خوف و دہشت کا ماحول قائم کیا ہوا تھا ۔سیکورٹی فورسز نے کئی بار اُسے پکڑنے کیلئے کوشش کیںلیکن وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوجاتا تھا تاہم آخر میں اس نے کشمیر جا کر ہتھیار ڈال دئیے تھے حالانکہ ہتھیار ڈالنے کے بعد ایک بار وہ بٹوٹ کے قریب پولیس کے ہاتھ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا، لیکن پولیس نے اُسے دوبارہ پکڑ ااور بالآخر تقریباً 13 سال تک جیل میں رہا جسکے بعد اسکی رہائی ہوئی اور اب وہ قومی دائرے میں واپس آگیا ہے۔