سرینگر//بوٹینگو زینہ گیر سوپور میں مدرسہ اسلامیہ ریاض الصالحین میں پانی کی سپلائی نہ ہونے کی وجہ سے طلباء اور اساتذہ کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مدرسہ کے منتظم مولانا سجاد ندوی کاکہنا ہے کہ مدرسہ میں سینکڑوں بچے دینی تعلیم حاصل کر رہے ہیں لیکن پانی نہ ہونے کی وجہ سے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔مولانا سجاد ندوی نے کہا کہ ہم نے اپنی لاگت پر جنگل کے ایک چشمے سے پائپ لگا کر مدرسہ تک پانی پہنچانے کی کوشش کی لیکن بدقسمتی سے ہماری یہ کوشش ناکام رہی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے گورنر انتظامیہ اور محکمہ جل شکتی سے متعدد بار گزارش کی کہ وہ پانی کی سپلائی یقینی بنائیں لیکن آج تک ہمیں جھوٹے وعدوں کے سوا کچھ نہیں ملا۔کے این ایس کے مطابق سجاد ندوی نے کہا کہ ہمارے طلباء کو وضو اور غسل کرنے کیلئے دوسرے گاؤں جانا پڑتا ہے۔اس ضمن میں محکمہ جل شکتی کے ایگزیکیوٹیو انجینئر، سوپور غلام رسول نے کہا کہ جل جیون مشن کے تحت اسی سال اس مدرسہ اور پورے علاقے کو پانی فراہم کریں گے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے پروجیکٹ رپورٹ بنالی ہے اور امسال کے آخر تک پانی کی سپلائی اس علاقے تک شروع ہوجائے گی۔