عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ڈویژنل کمشنر کشمیر انشل گرگ نے ہفتہ کو سرینگر شہر کا وسیع دورہ کیا تاکہ مختلف مقامات پر جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے۔ ان کے ساتھ کمشنر ایس ایم سی/سی ای او ایس ایس سی ایل، جنرل منیجر ایس آر ٹی سی، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ اور دیگر سینئر ریونیو افسران بھی تھے۔دورے کے دوران ڈویژنل کمشنر نے زونی مر، صورہ میں ای بس چارجنگ اسٹیشن کا معائنہ کیا اور جاری کاموں کی حالت کا جائزہ لیا۔ انہیں بتایا گیا کہ یہ سہولت 15مارچ تک شروع ہونے کی امید ہے۔انہوں نے متعلقہ افسران کو چارجنگ سٹیشن کے آپریشنل اثرات کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔
ڈویژنل کمشنر نے حبہ کدل کے آٹھ خاندانوں کیلئے قریبی جگہ پر تعمیر کیے جانے والے رہائشی مکانات کی تعمیر کا بھی جائزہ لیا اور اس منصوبے کی بروقت تکمیل پر زور دیا۔حضرت بل میں ایک اضافی ای بس چارجنگ اسٹیشن کے لیے مجوزہ سائٹ کا دورہ کرتے ہوئے، انہوں نے سی ای او، سرینگر اسمارٹ سٹی کو ہدایت دی کہ وہ سائٹ کی تفصیلی ڈرائنگ تیار کریں اور وائس چیئرمین، ایل سی ایم اے کے ساتھ مشاورت سے پروجیکٹ کی فزیبلٹی کا جائزہ لیں۔حبہ کدل فٹ برج کی ابتر حالت کا نوٹس لیتے ہوئے ڈویژنل کمشنر نے سی ای او ایس ایس سی ایل کو ہدایت دی کہ وہ مقامی نمائندوں سے مشورہ کریں اور ضروری تزئین و آرائش کے اقدامات کو تیز کریں۔انہوں نے گھاٹ کے قریب حبہ کدل میں مجوزہ ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کا بھی معائنہ کیا، جس کا مقصد علاقے کی جمالیاتی کشش کو بڑھانا اور آبی نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے کو سہولت فراہم کرنا ہے۔