سمت بھارگو
راجوری//پاکستان کی جانب سے حالیہ شدید شیلنگ کے بعد متاثرہ دیہی علاقوں میں شہریوں کی جانوں کے تحفظ کے لئے بھارتی فوج اور جموں و کشمیر پولیس نے ایک بڑا صفائی آپریشن شروع کر دیا ہے۔فوجی حکام کے مطابق، اس آپریشن کا مقصد ان زندہ توپ کے گولوں کو تلاش کرنا اور ناکارہ بنانا ہے جو شیلنگ کے دوران رہائشی علاقوں میں گرے اور اب بھی خطرے کا باعث بنے ہوئے ہیں۔فوج اور پولیس کی ٹیمیں انتہائی باریک بینی سے ان گولوں کو تلاش کر رہی ہیں، جنہیں فوج کی بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ذریعے قابو میں رکھ کر تباہ کیا جا رہا ہے۔فوج کے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے انچارج لیفٹیننٹ کرنل امّر نے کہاکہ ’’یہ اقدام ان علاقوں میں رہنے والے عام شہریوں کی سلامتی کے لئے نہایت اہم ہے، جو اب تک ان گولوں کے دھماکے کے خطرے سے خوف زدہ زندگی گزار رہے تھے‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ آپریشن فورسز کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ شہریوں کی جانوں کی حفاظت ان کی اولین ترجیح ہے۔فوج نے بتایا کہ زندہ گولوں کو ختم کرکے، وہ مستقبل میں کسی بھی ممکنہ جانی و مالی نقصان کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ لوگوں میں اعتماد اور تحفظ کا احساس بحال ہو۔حکام کے مطابق، پیر کے روز پانچ سے چھ بھاری توپوں کے گولے کامیابی سے تباہ کیے جا چکے ہیں، جب کہ ایک درجن سے زائد زندہ گولے مزید تلاش کیے گئے ہیں جنہیں جلد ہی ناکارہ بنایا جائے گا۔متاثرہ علاقے کے رہائشی جسونت سنگھ نے کہاکہ ’یہ زندہ گولے ہمارے لئے ایک بہت بڑا خطرہ ہیں۔ ان کا فوری اور محفوظ طریقے سے تباہ کیا جانا انتہائی ضروری ہے، کیونکہ اگر یہ اچانک پھٹ جائیں تو جانی و مالی نقصان بہت بڑا ہو سکتا ہے‘‘۔