راجوری //راجوری میں انتظامیہ کی طرف سے شروع کی گئی ناجائز تجاوزات مخالف مہم کے بیچ راجوری یوتھ نے اس بات کا مطالبہ کیاہے کہ سرکاری اراضی کی غیر قانونی طور پر الاٹمنٹ میں ملوث افسران کے خلاف بھی کڑی کارروائی کی جائے ۔نوجوان کارکن تعظیم ڈار نے کہاکہ ایسے تمام سرکاری افسران کے خلاف کارروائی کی جانی چاہئے جنہوںنے اس اراضی کو غیر قانونی طور پر زمین مافیا کے نام الاٹ کیا جنہوںنے پھر اس اراضی کو آگے غریب لوگوں میں فروخت کرکے پیسہ کمایا۔انہوںنے کہاکہ وہ ناجائز تجاوزات مخالف مہم کی ستائش کرتے ہیں اور اس کی حمایت بھی کرتے ہیں لیکن زمین مافیا نے غریب لوگوں کو نقصان پہنچایاہے ۔انہوںنے کہاکہ اس مافیا نے سرکاری اراضی پر قبضہ کیا ، محکمہ مال کے ریکارڈ میں قلم زنی کروائی گئی اور پھر اسے غریب مہاجر کنبوں میں فروخت کردیاگیا ۔انہوںنے کہاکہ اس مافیا اور اس عمل میں ملوث افسران کو سلاخوں کے پیچھے دھکیلا جاناچاہئے ۔ڈار نے کہاکہ محکمہ مال اور میونسپل کمیٹی کے ان افسران کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہئے جنہوںنے اس اراضی پر تعمیرات کھڑی کرنے کی اجازت دی اور وقت پر کوئی خاموشی اختیار کرلی ۔