اظہر حسین
کولگام//ضلع کولگام میں زرعی ترقی کے میدان میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر ایگری کلچر ڈیپارٹمنٹ کے ماہر ڈاکٹر ظہور احمد کسانوں کو جدید زرعی طریقوں اور نئی فصلوں سے روشناس کرانے میں مسلسل سرگرم عمل ہیں۔اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے ڈاکٹر ظہور احمد نے مشروم کی نئی اقسام کو متعارف کرایا، جن کی مارکیٹ ویلیو کافی زیادہ بتائی جا رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق ان نئی اقسام کی کاشت سے کسان کم زمین اور کم وقت میں لاکھوں روپے تک منافع حاصل کر سکتے ہیں۔ڈاکٹر ظہور نے کسانوں پر زور دیا کہ وہ جدید ٹیکنالوجی، سائنسی طریقہ کار اور نئی ورائٹیز کو اپنائیں تاکہ زرعی شعبے کو مزید مضبوط بنایا جا سکے اور کسان معاشی طور پر خود کفیل بن سکیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں روایتی زراعت کے ساتھ ساتھ جدید تکنیکوں کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ اس سے نہ صرف پیداوار میں اضافہ ممکن ہے بلکہ کسانوں کی آمدنی میں بھی خاطر خواہ بہتری آ سکتی ہے۔