زاہد بشیر
گول//کٹرہ بانہال ریلوے لائن سنگلدان کے مقام پر ریلوے سٹیشن کی وجہ سے یہاں پر کئی پنچایتوں کو ملانے والا راستہ مکمل طو رپر منقطع ہو چکا ہے جس وجہ سے لوگوں کو کافی زیادہ مسافت کا سفر طے کرنا پڑتا ہے جس کے بعد وہ یا تو ریلوے سٹیشن پہنچتے ہیں یا سنگلدان بازار میں پہنچتے ہیں ۔ یہاں پر کافی پرانا راستہ تھا جو ٹھٹھارکہ ، سیری پورہ ، چھچھواہ، اندھ و دیگر کئی بڑے علاقوں کو سنگلدان کے ساتھ ملاتا تھا اور جب سے ریلوے سٹیشن بنا اور یہاں پر لوگوں کو کافی زیادہ مسافت کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ جو سٹیشن نے اوپر والے علاقے ہیں وہ بھی سنگلدان بازا ر کے ساتھ کٹ چکے ہیں انہیں بھی کافی زیادہ سفر کرنا پڑتا ہے پھر جا کے وہ سنگلدان یا ریلوے سٹیشن پہنچتے ہیں ۔ کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے ان پنچایتوں کے لوگوں نے کہا کہ اگر چہ پہلے بھی یہاں کے لیڈران و دیگر انتظامی سربراہوں سے بھی مطالبہ کیا تھا کہ یہاں پر دیگر جگہوں کی طرح سٹیشن کے اوپر سے سیڑھی بنائی جائے تا کہ اس پرانے راستے سے آنے والے لوگوں کو کوئی پریشانی نہ ہو لیکن اس کی طرف کسی نے کوئی توجہ نہیں دی ۔ انہوں نے کہاکہ اب لوگوں کو کافی زیادہ سفر کرنا پڑتا ہے ۔ جو لوگ دس منٹ میں ریلوے سٹیشن یا سنگلدان بازار پہنچتے تھے اب ان کو ایک گھنٹہ لگتا ہے جس وجہ سے ان پنچایتوں کی عوام کافی پریشان ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کسی چھوٹے سے کام کے لئے بھی انہیں کافی زیادہ سفر کرنا پڑتا ہے ۔ مقامی لوگوں نے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ لوگوں کے مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے دیگر سٹیشنوں کی طرح یہاں پر بھی راستہ بنایا جائے تا کہ لوگ آرام سے یہاں پر سفر کر سکیں اور کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔