نئی دہلی//نائب صدر جمہوریہ وینکیانائیڈو نے بڑی ریاستوں کے زمرے میں جموں کشمیر کو صحت شعبے میں بہترین کارکردگی دکھانے والی ریاست کا ایوارڈ دیا ہے ۔ یہ ایوارڈ پرنسپل سیکرٹری صحت و طبی تعلیم کو تاج محل ہوٹل نئی دہلی میں منعقدہ سٹیٹس کنکلیو 2018 کے دوران دیا گیا ۔ پرنسپل سیکرٹری نے ریاستی حکام کی طرف سے کئے گئے کام کی ستایش کرتے ہوئے کہا کہ اس بے مثال کام کی وجہ سے ریاست کو یہ ایوارڈ ملا ہے ۔ انہوں نے محکمہ صحت کی حصولیابیوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں نوزاید بچوں کی شرح اموات میں کافی کمی آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست نے کئی دیگر شعبوں میں بھی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک قابلِ فخر مقام ہے کیونکہ ریاست کے کام کو نہ صرف ریاستی بلکہ قومی اور بین الاقوامی فورموں میں بھی پذیرائی حاصل ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں یکم دسمبر 2018 کو آیوشمان بھارت پروگرام شروع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ریاست میں طبی نگہداشت کے شعبے کو بڑھاوا دینے کیلئے کئے جا رہے اقدامات پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔ کنکلیو میں مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ ، پرنسپل ریذیڈنٹ کمشنروں ، کئی چیف ایڈیٹروں اور انڈیا ٹوڈے گروپ سے تعلق رکھنے والے سینئر میڈیا شخصیات نے بھی شرکت کی ۔