مینڈھر//نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈ ر و ممبراسمبلی مینڈھر جاوید احمد رانا نے ریاست میں سیاسی غیر یقینی صورتحال کیلئے پی ڈی پی کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہاہے کہ یقینا آج ریاستی عوام ایک بڑی آزمائش سے گزر رہی ہے جہاںقتل و غارت خون خرابہ ان کا مقدر گیاہے ۔پٹھانہ تیر میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جاوید رانا نے کہاکہ گزشتہ تین سال سے ریاست میں غیر متوقع اور غیر قانونی سیاسی پھیر بدل نے نہ صرف ریاست میں تعمیر و ترقی کے نظام کو مفلوج بنا دیا بلکہ ایک حد تک انسانی قدروں کو للکار کر یہاں کی عوام کو سکتہ میں ڈال دیا ۔ا ن کاکہناتھاکہ دورانِ الیکشن طرح طرح فرضی اور نمائشی نعروں کی مدد سے اقتدار پر قابض ہونے والے سبز زعفرانی اتحاد نے انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا دیں ،آج انسانیت ریاست میں گاجر اور مولی کی طرح کاٹی جا رہی ہے۔جاوید احمد رانا نے کہا کہ سمندر کے دو کناروں کا جب آپسی میل ہوتا ہے تو یقینا درمیان میں آنے والے کیڑے مکوڑے پیس کر رہ جاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مگر مچھ کے آنسو بہانے والے آج اپنی لگائی ہوئی آگ میں خود جل رہے ہیں اورکل کے دوست آج کے ازلی دشمن ٹھہرے ہیں۔ ممبر اسمبلی مینڈھر نے کہا کہ ریاست کے عوام فرقہ پرست اتحاد کی عوام کش پالیسیوں سے تنگ آ چکے ہیں اور آئے روز نیشنل کانفرنس میں شامل ہو رہے ہیں۔ان کاکہناتھا کہ ریاست میں نوجوان نسل اپنے مستقبل کے لئے بے حد فکر مند ہے اورسرکار ی سطح پر بے روزگاری کے خاتمہ کیلئے کوئی خاطر خواہ اقدام نہیں اٹھائے گئے۔انہوں نے کہاکہ ریاستی معیشت تبائی کے دہانے پر جا پہنچی ہے اوربظاہر اقتصادی کمزوری کی وجہ سے ہماری ریاست کی تعمیر و ترقی پر اس کے منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں جس کے لئے سابقہ مخلوط سرکارخصوصاً پی ڈی پی ذاتی طور پر ذمہ دار ہے۔انہوں نے کہا کہ پٹھانہ تیر ،کالابن اور چھونگاں کے زیر تعلیم طلبا خصوصاً طالبات کی بنیادی مانگ ہے کہ ہائی سکول پٹھانہ تیر کو گرلز ہائر سکنڈری کا درجہ دیا جائے جس کے نہ ہونے کی وجہ سے بچیوں کو20سے30کلو میٹر سفر پیدل طے کرناپڑتاہے جو کہ طالبا ت کے لئے انتہائی مشکل ہے۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے اس ضمن میں گورنر انتظامیہ کو ایک تحریری عرضداشت کے ذریعہ ہائی سکول پٹھانہ تیر کو گرلز ہائر سکنڈری سکول کا درجہ دئیے جانے کی استدعا کی ہے جس پر محکمانہ طور پر عمل درآمد شروع ہو چکا ہے اور پرامید ہیں کہ اس سکول کا درجہ ضرور بڑھے گا۔انہوں نے کہا کہ سخی میدان کلائی سڑک 2003سے تا وقت زیر تعمیر ہے جس پر کھربوں روپے خرچ کئے جاچکے ہیں لیکن اس کے کام میں معیار کا فقدان ہے ۔انہوں نے گورنر سے اپیل کی کہ وہ اس سڑک پر خصوصی توجہ دیں ۔ان کے ہمراہ سید مظہر علی شاہ،چوہدری ولی داد صوبائی سکریٹری ،شوکت چوہدری ضلع سکریٹری ،ایڈووکیٹ ذیشان رانا صوبائی یوتھ سکریٹری،حاجی محمد رشید بلاک صدر، تنویر احمد خان، بلاک صدر،حاجی میر محمد بلاک صدر،چوہدری محمد زمان بلاک صدر،محمد رشید مغل، محمد حفیظ،چوہدری محمد مشتاق سرپنچ،چوہدری عبد الرحمن وغیرہ بھی تھے ۔