سرینگر//ریاستی وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب درابو نے کہا کہ ریاست کو گڈس اینڈ سروسز ٹیکس (جی ایس ٹی) کے نفاذ سے 15 ہزار سے 20 ہزار کروڑ روپے کا فائدہ ملے گا۔ انہوں نے جمعرات کو جی ایس ٹی کونسل کے 14 ویں اجلاس کے حاشئے پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا ’ہماری ریاست تقریباً ہر ایک چیز باہر سے درآمد کرتی ہے اور جی ایس ٹی درآمد کرنے والی ریاستوں کے لئے فائدہ مند ثابت ہوگا‘۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ریاست کو تب تک یہ فوائد حاصل نہیں ہوں گے جب تک کہ قانون ساز اسمبلی جی ایس ٹی قانون کو منظوری نہیںدیتی ۔ ڈاکٹر درابو نے کہا ’ہم آنے والے 30 دنوں کے اندر جی ایس ٹی بل کو اسمبلی میں لائیں گے‘۔ انہوں نے کہا کہ بل کو اسمبلی سے منظوری ملنے کے بعد نافذ کیا جائے گا۔ وزیر خزانہ نے دعویٰ کیا کہ جی ایس ٹی کے نفاذ سے اشیاء کی قیمتوں میں کمی بھی آئے گی۔