سرینگر//اپنی پارٹی صدر سید الطاف بخاری نے ریاستی درجے کی بحالی اور جامع سیاسی عمل شروع کرنے پر زور دیا ہے۔چرچ لین سونہ وار میں عوامی وفود سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے بخاری نے کہاکہ فیصلہ سازی کے حق سے لوگوں کو محروم کرنا خطہ میں وسیع تر جمہوری مفادات کے لئے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں فوری سیاسی عمل کی ضرورت ہے جس کا مقصد ایسے حالات پید ا کرنا ہے جہاں لوگ زندگی کے مختلف شعبہ جات بشمول شہری، سماجی، معاشی اور سیاسی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، اپنے خیالات کا اظہار کرسکیں اور فیصلہ سازی عمل میں اُن کی شراکت داری ہو۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے لوگ منتخب حکومت کی عدم موجودگی میں بہت زیادہ متاثر ہورہے ہیں اور لیفٹیننٹ گورنر قیادت والی انتظامیہ اور لوگوں کے درمیان وسیع خلاء ہے اور خلیج بڑھتی ہی جارہی ہے۔ لوگوں کے مسائل پر توجہ نہیں دی جارہی اور اکثر وبیشتر آمرانہ قوانین نافذ کئے جارہے ہیں جوکہ عوامی مفادات کے خلاف ہیں۔ انہوں نے کہاکہ صرف منتخب حکومت ہی لوگوں میں احساس تحفظ پید ا کرسکتی ہے اور وہ انتظامیہ کو عوام کے سامنے جوابدہ بھی بناسکتی ہے۔