عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر صحت و تعلیم سکینیہ ایتونے بدھ کے روز کہا کہ ریاستی درجہ کی بحالی موجودہ حکومت کا بنیادی اور ناقابلِ سمجھوتہ ہدف ہے اور نیشنل کانفرنس اس مقصد کے حصول کیلئے پرعزم ہے۔ضلع کولگام کے نورآباد علاقے میں اپنے والد اور سینئر نیشنل کانفرنس رہنما مرحوم والی محمد ایتو کی برسی کے موقع پر ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت جموں و کشمیر کی 5 اگست 2019 سے قبل کی حیثیت کو بحال کرنے کیلئے کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کے حقوق کی بحالی، نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور اسمبلی نظام کو دوبارہ فعال بنانے کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ عوام کو اپنے فیصلے خود کرنے کا اختیار حاصل ہو۔اس دوران سکینہ اِیتو نے کل چولگام میں 50 بستروں والے اِنٹگریٹیڈ آیوش ہسپتال کا اِفتتاح کیا۔ ہسپتال تقریباً 7.40 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ۔اِس موقعہ پر رُکن اسمبلی کولگام محمد یوسف تاریگامی، ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام شہزاد عالم، ڈائریکٹر آیوش ضلعی اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران اور بڑی تعداد میں مقامی لوگ موجود تھے۔
اِفتتاحی تقریب کے بعد اَپنے خطاب میںسکینہ ایتو نے عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کے بنیادی سطح تک معیاری صحت خدمات کی فراہمی کے عزم کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ آیوش نظام کو روایتی دوائیوں کے ساتھ ضم کرنے سے نہ صرف علاج کے اختیارات وسیع ہوں گے بلکہ وقتی تجربہ شدہ مقامی شفا یابی کے طریقوں کو بھی بحال اور ادارہ جاتی بنایا جائے گا۔اُنہوں نے کہا،’’حکومت ہر شہری کو مساوی، جامع اور سستی صحت سہولیات فراہم کرنے کے اپنے مشن میں پُر عزم ہے۔ وزیر موصوفہ نے مزید کہا کہ یہ نیا ہسپتال آیوروید، یوگا، یونانی اور ہومیوپیتھی (اے وائی یو ایس ایچ) کے تحت جامع اور مربوط علاج فراہم کرے گا جس سے کولگام اور ملحقہ علاقوں کے لوگوں کو آسان اور سستی طبی سہولیات کو یقینی بنایا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ ہسپتال صحت سے متعلق بیداری، کمیونٹی پروگراموں اور تربیتی کی سرگرمیوں کا مرکز بھی بنے گا۔وزیر صحت نے کہا کہ یہ 50 بستروں پر مشتمل ہسپتال جدید سہولیات سے آراستہ ہے جن میں آرام دہ وارڈوں، خصوصی او پی ڈی، پنچ کرما تھراپی یونٹس، تشخیصی سہولیات، یوگا و ویلنس مراکز اور مشاورتی کمرے شامل ہیں تاکہ مریضوں کو معیاری علاج فراہم کیا جا سکے۔