لوگ 12 جولائی کو ہری سنگھ پارک ریلی میں شرکت کریں،20جولائی کو جنتر منتر پر احتجاج ہوگا:سریندر چودھری
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//نائب وزیر اعلیٰ نے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ اس نے ہیرانگر میں نیشنل کانفرنس کے ایک روزہ پروگرام میں خلل ڈالنے کیلئے مظاہرین کو منصوبہ بندی کے تحت بھیجا ۔ سیکورٹی خامیوں پر پولیس افسران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوںنے عوام سے ریاستی حیثیت کی بحالی کی نیشنل کانفرنس کی نئی مہم میں شامل ہونے کی اپیل کی ۔ جموں میں ذرائع ابلاغ کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کا سانبہ اور کٹھوعہ اضلاع کا دورہ کامیاب رہا تاہم ہیرانگر میں ایک واقعہ پیش آیا جہاں ان کے بقول بی جے پی کے ایک کارکن نے پروگرام میں خلل پیدا کیا ۔انہوںنے دعویٰ کیا کہ اس شخص کی سوشل میڈیا پر پروفائل اس کی سیاسی وابستگی ظاہر کرتی ہے اور کہا کہ اگر اس کا تعلق بی جے پی سے نہیں ہے تو پارٹی خود اس کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے کا مطالبہ کرے ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے اس واقعے کو غیر جمہوری قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو اپنے کارکنوں کو مخالف جماعتوں کے پروگراموں میں خلل ڈالنے کیلئے نہیں بھیجا جانا چاہیے ۔ انہوںنے سیکورٹی انتظامات پر بھی سوال اٹھایا اور الزام لگایا کہ مذکورہ شخص نے اسٹیج پر چڑھنے کی کوشش کی تھی جسے ان کے پرسنل سیکورٹی آفیسران نے روکا ۔ انہوںنے مقامی ایس ایچ او اور ڈی ایس پی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ پر پہلے ہونے والے حملے کا حوالہ دیتے ہوئے چودھری نے کہا کہ ایسے واقعات پر سیکورٹی اداروں کو بھی جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صرف سیاسی رہنما ہی نہیں بلکہ ہر شہری کو مناسب تحفظ فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔مجوزہ نیشنل لا یونیورسٹی سے متعلق تنازع کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی جانب سے طلبہ کو ان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کے بعد یہ مسئلہ مؤثر طور پر حل ہو چکا ہے۔چودھری نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ ہیرانگر احتجاج کا تعلق نیشنل لا یونیورسٹی کے معاملے سے تھا۔ انہوں نے حکومت پر جموں کے ساتھ امتیازی سلوک کے الزامات کو بھی رد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ جموں خطے کے مفادات کے لیے آواز اٹھاتے رہے ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 12 جولائی کو جموں کے ہری سنگھ پارک میں منعقد ہونے والی نیشنل کانفرنس کی ریاستی حیثیت ریلی میں شرکت کریں۔ انہوں نے مزید اعلان کیا کہ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے دوران20 جولائی کو نئی دہلی کے جنتر منتر پر بھی احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔سریندر چودھری نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اسمبلی انتخابات کے بعد جموں و کشمیر کو دوبارہ ریاستی حیثیت دینے کا وعدہ کیا تھا، لیکن یہ وعدہ ابھی تک پورا نہیں ہوا۔ انہوں نے زور دیا کہ ریاستی حیثیت کی بحالی کا مطالبہ پورے مرکز کے زیر انتظام علاقے کے عوام کا مطالبہ ہے اور بہتر حکمرانی، ترقی اور روزگار کے لیے اس کی بحالی ناگزیر ہے۔