جموں // ریاست کے اکتالیس ہزار سے زائد رہبر تعلیم اساتذہ کے تنخواہوں کی ڈی لنکنگ اور ساتویں پے کمیشن کو لاگو کر نے کے حوالے سے رہبر تعلیم ٹیچرز فورم کا ایک اعلیٰ سطحی وفد ریاست کے چیف سیکریٹری بی وی آر سبرامنیم سے ملاقی ہوا ۔ یہاں جاری ایک پریس بیان کے مطابق وفد کی قیادت فورم کے ریاستی چیئرمین فاروق احمد تانترے کر رہے تھے ۔ اس موقعہ پر فورم وفد نے چیف سیکریٹری کو رہبر تعلیم اساتذہ کو ابھی تک ساتویں پے کمیشن کو ذمرے میں نہ لانا اور تنخواہوں کو مرکز کے بجائے ریاستی بجٹ سے واگذار کرنے کے مسائل کو اْجاگر کیا ۔چیف سیکریٹری نے فورم وفد کو بغور سننے کے بعد کہا کہ گورنر کی نگرانی میں ریاستی انتظامیہ اساتذہ کے ان مسائل پر سنجیدگی سے کام کر رہی ہے اور بہت جلد ان مسائل کو حل کیا جا رہا ہے۔ چیف سیکریٹری نے وفد کو مزید کہا ہے کہ سرکار رہبر تعلیم اساتذہ کے تنخواہوں کے ڈی لنکنگ پر کام کررہی ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ وہ رہبر تعلیم اساتذہ کے مسائل سے واقف ہیں اور ان کو حل کر نے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو اس پر کام کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں اور وہ ذاتی طور ایک اساتذہ گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں اور انہیں اساتذہ کابے حد احترام ہے چونکہ اساتذہ کی بدولت ہی وہ آج اس مقام پر بھی ہیں میں اساتذہ کا کلیدی رول ہے ۔ اْنہوں نے بتایا ہے کہ وہ اساتذہ کو سڑکوں پر نہیں دیکھنا چاہتے ہیں اور اس کے لئے وہ ان کے مسائل پر کام کررہے ہیں۔ چیف سیکریٹری نے فورم وفد کو مزید کہا ہے کہ انہیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے مستقبل میں اساتذہ کو ایک ہی زمرے میں لاکر تمام اساتذہ کا وقار بحال کر کے استاد کو استاد کا نام دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہ اساتذہ کی مختلف ونگز کو ختم کر کے مستقبل میں اساتذہ کو استاد کا نام دیا جائے گا جس سے تمام استاتد ہ کو ایک ہی زمرے میں شامل کیا جائے گا۔ اس سے قبل فورم وفد نے سیکریٹری ایجوکیشن رگزن سمپہل سے بھی ملاقات کی جو کہ فورم وفد کی اس ہفتے میں دوسری ملاقات تھی اور انہیں بھی اس معاملے کو جلد حل کر نے کی اپیل کی۔ دونوں افسر ان نے وفد کو الگ الگ اپنے دفتروں میں کہا کہ سرکار رہبر تعلیم اساتذہ کو درپیش مسائل پر کام کررہی ہے اور اساتذہ کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ کچھ پیچیدگیوں کے چلتے جس میں درکار رقومات بھی شامل ہے اس معاملے کو حل کر نے میں تھوڑا وقت لے رہا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ سرکار اس مسئلے کا حل ایک ہی بار حل نکالنے میں لگی ہوئی ہے۔اس موقعہ پر وفد نے چیف سیکریٹری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یہ اْمید ظاہر کی ہے کہ گونر انتظامیہ رہبر تعلیم اساتذہ کے ان معاملات کو حل کر کے ریاست کے اکتالیس ہزار سے زائد اساتذہ کی ذہنی و مالی پریشانیوں کو دور کرینگے ۔ وفد میں فورم چیئرمین کے علاوہ ریاستی جنرل سیکریٹری جہانگیر عالم خان،چیف آرگنائزر جاوید گل ، ضلع صدر پلوامہ مختیار قادری و دیگران موجود تھے ۔