شوپیان //جنوبی ضلع شوپیان کے رکہامہ علاقے میں مسلح تصادم آرائی میں 20روز ہتھیار اٹھانے والا جنگجو جاں بحق ہوا۔پولیس کے مطابق رکہامہ گائوں میں جمعرات کی شب جنگجوئوں کی موجودگی کی جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد 34 آر آر، سی آر پی ایف 14 بٹالین اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے جمعہ علی الصبح 4 بجکر 30 منٹ پر محاصرے میںلیا اور وہاں تلاشی آپریشن شروع کر دیا ۔ جونہی تلاشی کارروائی شروع کی گئی تو مشتبہ مکان میں چھپے جنگجوئوں نے 4بجکر 40منٹ پر سیکورٹی فورسز پر فائرنگ شروع کردی، جس کے ساتھ ہی فورسز نے بھی جوابی کارورائی کی اور تصادم آرائی کا آغاز ہوگیا ۔ پولیس کے مطابق انہوں نے جنگجو کو ہتھیار ڈالنے کا موقعہ بھی فراہم کیا لیکن یہ کاروائی بے سود ثابت ہوئی۔کچھ دیر تک فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ایک جنگجو جاں بحق ہوا جس کی شناخت بعد میں مجیب امین لون ولد محمد امین لون ساکن ریڈونی کولگام کے طور پر کی گئی ۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق مجیب امین لون 9ستمبر2021 کو لاپتہ ہوا تھا۔ اور محض20روز بعد جھڑپ میں جاں بحق ہوا۔ اسکی تحویل سے پستول بر آمد کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق مہلوک جنگجو علاقے میںلوگوں کو ڈرانے اور دھمکانے میںملوث تھا جبکہ نوجوانوں کو عسکری صفوں میں شامل کرنے پر زور دیتا تھا ۔
کولگام ،شوپیان اور پلوامہ میں تلاشیاں
۔2سرگرم جنگجوئوں سمیت 5نوجوان گرفتار
عارف بلوچ+شاہد ٹاک
اننت ناگ+شوپیان //میر بازار کولگام میں پولیس نے 3 نوجوانوں کو اسلحہ سمیت گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس بیان کے مطابق ایک مخصوص اطلاع پر فسٹ آر آر، 46بٹالین سی آر پی ایف اور پولیس کے خصوصی دستے نے ملہ بازار میر بازار کے نزدیک ناکہ لگایا اور گاڑیوں کی تلاشی کارروائی شروع کی۔ اس بیچ ایک آلٹو گاڑی زیر نمبر JK13E /2492 اور موٹر سائیکل زیر نمبر JK13D/ 7659 کو بھی روکا گیا اور تلازششیاں لی گئیں۔کارروائی کے دوران ایک اے کے رائفل، ایک میگزین، 4 گرینیڈ، 4 ڈیٹونیٹر، ایک بارودی سرنگ اور پستول کی 30 گولیاں بر آمد کئے گئے۔گاڑی میں سوار افراد نے بھاگنے کی کوشش کی تاہم پولیس کی بروقت کارروائی کی وجہ سے تینوں نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ۔گرفتار شدگان کی شناخت عبید مشتاق ولد مشتاق احمد میر، عادل جمال بٹ ولد محمد جمال بٹ اور دانش رسول بٹ ولد غلام رسول بٹ ساکنان ڈاڈ سرہ ترال کے بطور ہوئی ہے۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس زیر نمبر 243/21 کے تحت درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔ادھر پلوامہ پولیس نے لشکر طیبہ کے 2جنگجوئوں کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ پلوامہ کے نکلورہ گاؤں میں جمعہ کے روز دن کے ساڑھے 12بجے ایک مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 55آر آر، سی آر پی ایف 182 بٹالین اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ کی ایک مشترکہ ٹیم نے نکلورہ گاؤں میں تلاشی آپریشن کے دوران ایک جنگجو کو ایک میوہ باغ سے پکڑ لیا۔انہوں نے گرفتار شدہ جنگجو کی شناخت شمیم صوفی ولد غلام محمد صوفی ساکن نکلورہ کے بطور کی ہے ۔شمیم لشکر طیبہ سے وابستہ رہا جس کے قبضے سے ایک پستول اور دیگر گولی بارود برآمدکیا گیا ۔ انہوںنے کہاکہ شمیم احمدنے جولائی 2021میں لشکر طیبہ میں شمولیت اختیار کی تھی ،اوروہ تب سے ضلع پلوامہ میں عسکری محاذ پرسرگرم تھا۔ادھر ایک اور کارروائی کے بارے میں پولیس نے کہا کہ فسٹ آر آر،سی آر پی ایف 178بٹالین اور پولیس نے مجہ مرگ شوپیان نامی گائوں کو محاصرے میں لیا اور اس دوران ایک باغیچے میں ایک نوجوان کو روکا گیا جس کی تلاشی لی گئی اور اسکی تحویل سے ایک گرینیڈ اور گولیوں کے کچھ رائونڈ بر آمد کئے گئے۔بعد میں اسکی شناخت کامران بشیر ولد بشیر احمد حجام ساکن بابا پورہ زینہ پورہ کے بطور ہوئی۔ پولیس کے مطابق کامران بشیر پچھلے 10روز سے گھر سے لاپتہ تھا۔
پولیس انسپکٹر کا قتل
ملوث نوجوان گرفتار
نیوز ڈیسک
سرینگر// نوگام علاقے میں ایک پولیس انسپکٹر کے قتل میں ملوث ہونے کے الزام میں ایک نوجوان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انسپکٹر پرویز احمد کو مشتبہ جنگجوئوںنے اس وقت گولی مار دی تھی جب وہ 22 جون کو نوگام میں نماز پڑھنے کے لئے مسجد جا رہے تھے۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ ’’پولیس نے انسپکٹر پرویز احمد کے قتل میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کیا ہے، اس کی شناخت محب بشیر ڈار کے طور پر ہوئی ہے جو ’منگنواگی‘ کا رہائشی ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ ڈار دہشت گردی سے متعلق کئی دیگر واقعات میں بھی ملوث ہے۔پولیس نے اس سلسلے میں پہلے ہی کیس زیر نمبر75/2021درج کیا ہے۔