یو این آئی
؎ممبئی//خام تیل کی قیمتوں میں نرمی کے باعث بین بینکنگ کرنسی بازار میں جمعہ کو روپیہ 73پیسے مضبوط ہوا اور کاروبار کے اختتام پر ایک امریکی ڈالر کی قیمت 94.85 روپے رہی۔روپے میں یہ مسلسل دوسری مضبوطی ہے۔ گزشتہ کاروباری دن ہندوستانی کرنسی 12.50 پیسے بڑھ کر 95.58 روپے فی ڈالر پر بند ہوئی تھی۔آج روپے کی شروعات گراوٹ کے ساتھ ہوئی، لیکن اس کے بعد اس میں مسلسل بہتری دیکھی گئی۔ یہ 20 پیسے کمزور ہو کر 95.78 روپے فی ڈالر پر کھلا، جو دن کی کم ترین سطح بھی رہی۔اس کے بعد بازار میں ڈالر کی فروخت بڑھنے سے روپیہ دن کے اختتام تک مضبوط ہو کر 94.85 روپے فی ڈالر تک پہنچ گیا اور آخر میں اسی سطح پر بند ہوا۔بین الاقوامی بازار میں آج خام تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی۔ خام تیل کے معیاری برینٹ کروڈ فیوچر کی قیمت ڈیڑھ فیصد سے زیادہ گر کر تقریبا 92 ڈالر فی بیرل کے آس پاس پہنچ گئی۔غیر ملکی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کی خالص خریداری (نیٹ خرید) نے بھی روپے کو سہارا دیا۔