یواین آئی
ممبئی//ہندوستانی روپے کی قدر میں گراوٹ کا سلسلہ پیر کے روز بھی جاری رہا اور تاریخ میں پہلی بار مارکیٹ بند ہونے کے وقت ایک امریکی ڈالر کی قیمت 96 روپے سے اوپر درج کی گئی۔انٹربینکنگ کرنسی مارکیٹ میں روپیہ 39پیسے کی گراوٹ کے ساتھ 96.20 روپے فی ڈالر پر بند ہوا، جو کہ اب تک کی نچلی سطح ہے۔ کاروبار کے دوران ایک وقت ایسا بھی آیا جب روپیہ گر کر 96.3950 روپے فی ڈالر کی تاریخی نچلی ترین سطح تک پھسل گیا تھا۔گزشتہ کاروباری دن ہندوستانی کرنسی 17 پیسے کے نقصان کے ساتھ 95.81 روپے فی ڈالر پر بند ہوئی تھی۔
آج صبح روپیہ 38 پیسے کی گراوٹ کے ساتھ 96.19 روپے فی ڈالر پر کھلا۔ ابتدائی سیشن میں یہ معمولی بہتری کے ساتھ 96.12 روپے تک بھی پہنچا، لیکن بعد میں فروخت کے دبا کے باعث دوبارہ گر گیا۔عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ہندوستانی کرنسی پر دبا برقرار رہا۔ تاہم، دنیا کی دیگر اہم کرنسیوں کے مقابلے میں ڈالر انڈیکس میں 0.3 فیصد کی گراوٹ نے روپے کو مزید گرنے سے بچانے میں کچھ مدد فراہم کی۔