جموں// زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو ریاست کی طرف راغب کرنے کے لئے محکمہ سیاحت کشمیر نے ماسکو اور سینٹ پیٹرس برگ میں ٹریول اور ٹورازم میلوں میں حصہ لیا جس کا اہتمام مرکزی وزارتِ سیاحت نے کیا تھا۔دنیا بھر کے ہزاروں ٹریول ایجنٹوںبشمول ہندوستان نے اِن میلو ں میں حصہ لیا۔ یہ میلے رِٹس کارلٹن ہوٹل ماسکو میں سوم وار کو جبکہ دوسرا شو سینٹ پیٹرس برگ کے بلمانڈ گرینڈ ہوٹل یورپ میں منعقد کیا گیا۔وزارتِ سیاحت کے دیگر افسران کے علاوہ ماسکو میں ہندوستان کے سفیر ڈی بی وینکٹیش ورما ، ڈپٹی چیف آف مشن ایمبیسی آف انڈیا ماسکو جی بالا سبرا منیم اور محکمہ سیاحت کشمیر کے سربراہ تصدق جیلانی بھی موجو د تھے۔ہندوستانی ایمبیسی کے ڈپلومیٹوں نے اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے ریاست جموں وکشمیر کی خوبصورتی کے بارے میں تفصیلات پیش کیںاور ان شرکا ء کو ریاست کے دورے پر آنے کی دعوت دی۔شو کے دوران تصدق جیلانی نے ریاست کے تینوں خطوں میں موجود سیاحتی مقامات پر مبنی فلمیں پیش کیں۔انہوں نے جموں وکشمیر کے تمدن ، تہذیب ، آرٹ ، کرافٹ اور خوبصورتی کے بارے میں بھی شرکا ء کو جانکاری دی۔بی 2بی نیٹ ورکنگ کے دوران تصدق جیلانی ان دو شہروں کے معروف ٹریول ایجنٹوں سے ملاقی ہوئے اور انہیں اپنے ٹور پیکیجوں میں جموں وکشمیر کو فروغ دینے پر زور دیا۔سینٹ پیٹرس برگ سے فون پر بات کرتے ہوئے تصدق جیلانی نے کہا کہ ٹریول ایجنٹوں جنہوں نے اپنے نمائندے ریاست جموں وکشمیر کے دورے پر بھیجے تھے نے کشمیر کی خوبصورتی کی تعریف کی۔