عظمیٰ نیوزڈیسک
ماسکو//روس کے دارالحکومت ماسکو میں ایک عدالت نے سائبر سکیورٹی کے ایک اعلیٰ عہدہ دار ایلیا سچکوف کو غداری کا مجرم قرار دے کر 14 سال قید کی سزا سنائی ہے۔روس کی سرکاری خبررساں ایجنسی تاس کے مطابق سچکوف پرخفیہ معلومات غیرملکی جاسوسوں کو فراہم کرنے کے الزامات میں مقدمہ قائم کیا گیا تھا۔سچکوف نے اپنے خلاف ان الزامات کی تردید کی تھی۔ انھوں نے گروپ آئی بی کے قیام میں مدد کی تھی اور وہ اس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر( سی ای او) تھے۔یہ کبھی روس کی سب سے اہم سائبر سکیورٹی فرموں میں سے ایک تھی۔اس نے اس سال کے اوائل میں اعلان کیا تھا کہ اس نے اپنی اصل مارکیٹ کے ساتھ تعلقات منقطع کرلیے ہیں۔37 سالہ سچکوف اب گروپ آئی بی سے وابستہ نہیں ہیں، لیکن اس کے سابق روسی کاروبار میں حصص کے مالک ہیں۔انھیں ستمبر 2021 میں روس کی فیڈرل سیکیورٹی سروس (ایف ایس بی) نے غداری کے الزام میں گرفتار کیا تھا لیکن ان کے خلاف کیس کو خفیہ رکھا گیا ہے۔