یو این آئی
ماسکو// روس کے جنوب مغربی علاقے تامبوف میں گولہ بارود بنانے والی فیکٹری میں دھماکے اور آگ لگنے سے کم از کم چار افراد ہلاک اور دو دیگر زخمی ہو گئے ۔تاس خبر رساں ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ دھماکہ منگل کو کوتوسک شہر میں بارود بنانے والی فیکٹری میں ہوا۔ دھماکے کے بعد فیکٹری میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا ہے ۔
تامبوف ریجن کے سربراہ میکسم یگوروف نے کہا ‘‘دھماکہ انسانی غلطی کی وجہ سے ہوا۔ میں بغیر کسی شک کے کہہ سکتا ہوں کہ یہ دہشت گردانہ حملہ نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے کچھ لوگوں کا جانی نقصان ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پلانٹ کے مزدوروں یا آس پاس کی بستیوں کے مکینوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ دھماکے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔