عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ممبر پارلیمنٹ سری نگر پارلیمانی حلقہ آغا سیّد روح اللہ مہدی نے کل بڈگام سمربُگ اور شالینہ علاقوں میں دریائے جہلم کے بنڈوں اور سیلابی چینلوں کے متاثرہ مقامات کا تفصیلی دورہ کیا تاکہ حالیہ پانی کی سطح میں اُتار چڑھاؤ کے باعث ہوئے نقصانات کا جائزہ لیا جا سکے اور بحالی و سیلابی تحفظاتی اقدامات کا معائینہ کیا جا سکے۔دورے کے دوران ممبر پارلیمنٹ نے دریائے جہلم اور اس کے فلڈ سپل چینلوں کے بنڈوں کے ان مقامات کا معائینہ کیا جہاں شگاف پڑگئے ہیں۔مقامی وفود نے ممبر پارلیمنٹ موصوف سے ملاقات کی اور اپنے مطالبات پیش کئے۔
آغا سیّد روح اللہ مہدی نے حکام کو ہدایت دی کہ جدید اِنجینئرنگ معیار کے مطابق شگافوں کو پُرکرنے کے لئے بحالی کے کاموں میں تیزی لائی جائے تاکہ طویل المدتی استحکام یقینی بنایا جا سکے۔اُنہوں نے شالینا اور سمربُگ کے حساس علاقوں میں بنڈوں کو مضبوط بنانے کے لئے جامع حکمتِ عملی اَپنانے پر زور دیا۔اُنہوں نے متعلقہ محکمہ کو ہدایت دی کہ پانی کی سطح اور بنڈوں کی ساختی مضبوطی پر مسلسل نظر رکھی جائے۔آغا سیّد روح اللہ مہدی نے سمربُگ اور شالیناکے باشندونکو یقین دِلایا کہ وہ بحالی کے کاموں کی پیش رفت کی ذاتی طور پر نگرانی کریں گے۔دورے کے دوران اُنہوں نے سمپور۔سیر باغ پُل پروجیکٹ کا بھی معائینہ کیا۔اِس موقعہ پر حکام نے ممبر پارلیمنٹ کو منصوبے کی مالی اور طبعی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔ممبر پارلیمنٹ آغا سیّد روح اللہ مہدی کے ہمراہ ایس ڈی ایم چاڈورہ، فلڈ اینڈ ار ی گیشن کے تمام ایگزیکٹیو انجینئران، بی ڈی اوبی کے پورہ اور دیگر متعلقہ افسران بھی تھے۔