یواین آئی
نئی دہلی/وکٹ کیپر بلے باز سنجو سیمسن نے چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) کے لیے اپنی شاندار فارم کو برقرار رکھتے ہوئے دہلی کیپیٹلز کے خلاف آئی پی ایل 2026 کے میچ میں ناقابلِ شکست 87 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کو آٹھ وکٹوں سے فتح دلائی۔ اس جیت کے بعد سیمسن نے کہا کہ اس سیزن میں ان کی کامیابی کی وجہ پرسکون رہنا اور بنیادی باتوں پر عمل کرنا ہے۔میچ کے بعد پلیئر آف دی میچ کا اعزاز حاصل کرنے والے سیمسن نے کہا، “لوگ مجھے ‘چیٹا (بڑا بھائی) پکار رہے ہیں، لیکن مجھے ‘سنجو کہلانا زیادہ پسند ہے۔ آپ یہ دیکھنے کی کوشش کرتے ہیں کہ کیا چیز بہتر کام کر رہی ہے، بنیادی باتوں پر قائم رہتے ہیں اور باقی کام اپنے ہاتھوں کی مہارت پر چھوڑ دیتے ہیں۔ میں نے بس اپنے طریقہ کار پر توجہ دی اور یہ میرے لیے کارگر ثابت ہو رہا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ وہ گزشتہ 3-5 سالوں سے اسی طرح کھیل رہے ہیں اور باؤلرز کے مطابق اپنی پوزیشن تبدیل کرنا ان کی حکمتِ عملی کا حصہ ہے، تاہم اب لوگ انہیں زیادہ دیکھ رہے ہیں اس لیے وہ زیادہ پرسکون نظر آتے ہیں۔سنجو سیمسن کی اس اننگز کی بدولت چنئی نے 156 رنز کا ہدف 15 گیندیں قبل ہی حاصل کر لیا۔ اپنی اننگز کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ مڈل اوورز میں اسپنرز کے خلاف رنز بنانے کی اپنی صلاحیت پر پر اعتماد تھے۔سینچری مکمل نہ کر پانے کے سوال پر سیمسن، جنہوں نے اسی سیزن میں چیپاک کے میدان پر دہلی کے خلاف ناٹ آوٹ سنچری بنائی تھی، نے کہا، “سنچریاں ہمیشہ خاص ہوتی ہیں۔ خواہش تو تھی لیکن اسے حاصل کرنے کے لیے مجھے تھوڑا خود غرض ہونا پڑتا۔ میرا پارٹنر (کارتک) اچھا کھیل رہا تھا اور ٹیم کی جیت نے مجھے زیادہ خوشی اور اعتماد دیا۔ ابھی کچھ اور میچ باقی ہیں، دیکھتے ہیں کہ سنچری بنتی ہے یا نہیں۔” دوسری جانب، 41 رنز پر ناٹ آؤٹ رہنے والے کارتک شرما نے کہا کہ سنجو بھیا کی رہنمائی نے انہیں مشکل پچ پر خود کو ڈھالنے میں مدد دی۔ انہوں نے بتایا کہ پچ اسپنرز کے لیے سازگار تھی اور گیند رک کر آ رہی تھی، لیکن سنجو نے انہیں وقت لینے اور اپنی رینج میں کھیل کر گیند کو ہٹ کرنے کا مشورہ دیا جس سے کام آسان ہو گیا۔