انتظامیہ سے ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کیخلاف کریک ڈاؤن کی اپیل
محتشم احتشام
پونچھ //ماہِ مبارک رمضان کے آغاز کے ساتھ ہی ضلع پونچھ کی مقامی منڈیوں اور بازاروں میں پھلوں، سبزیوں اور دیگر ضروری اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس پر شہریوں نے شدید تشویش اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر سال رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی ان اشیاء کی قیمتیں اچانک بڑھا دی جاتی ہیں جن کی کھپت اس مقدس مہینے میں زیادہ ہوتی ہے۔ عوام کے مطابق اس بار بھی کھجور، تربوز، خربوزہ، پپیتا، کیلا، سیب، انگور سمیت دیگر پھلوں کے نرخوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے، جبکہ ٹماٹر، پیاز، آلو اور دیگر سبزیوں کی قیمتیں بھی عام دنوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ وصول کی جا رہی ہیں۔لوگوں کا کہنا ہے کہ افطار اور سحری میں استعمال ہونے والی بنیادی اشیاء کی قیمتوں میں اضافے نے متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔
روزانہ اجرت پر کام کرنے والے افراد اور محدود آمدنی رکھنے والے خاندان مہنگائی کے باعث شدید پریشانی کا شکار ہیں اور انہیں گھریلو اخراجات پورے کرنا مشکل ہو رہا ہے۔مقامی باشندوں کے مطابق یہ صورتحال ہر سال دہرائی جاتی ہے، لیکن اس کے باوجود قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لئے کوئی مؤثر اور مستقل حکمت عملی اختیار نہیں کی جاتی۔ شہریوں نے الزام عائد کیا کہ بعض تاجر رمضان المبارک کو ناجائز منافع خوری کا موقع سمجھتے ہوئے طلب میں اضافے کا فائدہ اٹھاتے ہیں اور من مانی قیمتیں وصول کرتے ہیں۔متاثرین نے کہا کہ بازاروں میں سرکاری نرخ نامے تو آویزاں ہوتے ہیں، مگر عملی طور پر ان پر عمل درآمد نہیں ہوتا۔ کئی دکاندار مقررہ نرخوں سے زیادہ قیمتیں وصول کر رہے ہیں جبکہ نگرانی کا نظام کمزور دکھائی دیتا ہے۔شہریوں نے متعلقہ محکموں اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مارکیٹ چیکنگ مہم کو تیز کیا جائے، پرائس کنٹرول ٹیمیں فعال بنائی جائیں اور خلاف ورزی کرنے والے تاجروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ ناجائز منافع خوری کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔سماجی اور عوامی حلقوں نے بھی انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے جامع اور مؤثر حکمت عملی ترتیب دی جائے، ہول سیل اور ریٹیل مارکیٹوں کی مسلسل نگرانی کی جائے اور عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک رحمت، برکت، ہمدردی اور ایثار کا مہینہ ہے، اس دوران ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی مہنگائی جیسے غیر اخلاقی اقدامات معاشرتی اقدار کے منافی ہیں۔شہریوں نے امید ظاہر کی ہے کہ ضلعی انتظامیہ فوری نوٹس لے کر سخت اقدامات کرے گی تاکہ ضروری اشیائے خورد و نوش مناسب اور مقررہ نرخوں پر دستیاب ہوں اور عوام رمضان المبارک سکون اور اطمینان کے ساتھ گزار سکیں۔