یواین آئی
لکھنؤ/آئی پی ایل 2026 میں خراب کارکردگی کے بعد رشبھ پنت نے لکھنؤ سپر جائنٹس (ایل ایس جی) کی کپتانی چھوڑ دی ہے۔ پنت کو 2025 کے سیزن سے پہلے میگا نیلامی میں ایل ایس جی نے خریدا تھا اور انہیں ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔ تاہم، پنت کی کپتانی میں ایل ایس جی لگاتار دوسری بار پلے آف میں پہنچنے میں ناکام رہی۔ اس سیزن میں 14 مقابلوں میں صرف چار جیت کے ساتھ ایل ایس جی نے لیگ اسٹیج کا اختتام پوائنٹس ٹیبل میں آخری نمبر پر رہتے ہوئے کیا۔ایل ایس جی نے اپنی پریس ریلیز میں کہا، “لکھنؤ سپر جائنٹس (ایل ایس جی) باضابطہ طور پر یہ اعلان کرتی ہے کہ رشبھ پنت نے فرنچائز سے کپتانی چھوڑنے کی درخواست کی ہے۔ فرنچائز نے ان کی اس درخواست کو فوری طور پر قبول کر لیا ہے۔
اس کے ساتھ ہی ایل ایس جی مینجمنٹ نے بطور کپتان رشبھ پنت کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے ان کی قیادت اور ٹیم کے تئیں لگن کے لیے شکریہ ادا کیا ہے۔”ایل ایس جی کے ڈائریکٹر آف کرکٹ ٹام موڈی نے کہا، “رشبھ نے اس سلسلے میں فرنچائز سے رابطہ کیا تھا اور ہم نے احترام کے ساتھ ان کی درخواست کو قبول کر لیا ہے۔ ایسے فیصلے کرنا کبھی بھی آسان نہیں ہوتا۔ بطور کپتان رشبھ نے اس ڈریسنگ روم میں جو کچھ بھی تعاون دیا ہے، اس کے لیے ہم ان کے شکر گزار ہیں۔ اب ہماری پوری توجہ بہترین معیار تک پہنچنے کے لیے ٹیم کی اجتماعی تعمیرِ نو اور تنظیمِ نو پر ہے۔” پنت کی کپتانی میں ایل ایس جی کو مجموعی طور پر 10 جیت اور 18 ہار کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ آئی پی ایل 2026 میں آخری پوزیشن پر رہنے سے پہلے، آئی پی ایل 2025 میں ایل ایس جی ساتویں نمبر پر رہی تھی۔ کپتانی کا اثر پنت کی بلے بازی پر بھی صاف دکھائی دیا۔ آئی پی ایل 2025 میں پنت نے 133.16کے اسٹرائیک ریٹ سے 269 رن بنائے تھے، جبکہ آئی پی ایل 2026میں انہوں نے 138.05 کے اسٹرائیک ریٹ سے 312 رن اسکور کیے۔