راہل کا ورلڈ کپ کے سامان کاعطیہ

نئی دہلی//ہندوستان کے اسٹار بلے باز کے ایل راہل نے غریب اور پسماندہ بچوں کو معاشی مدد فراہم کرنے کے لئے پچھلے سال ورلڈ کپ کے دوران استعمال کئے گئے کرکٹ سے متعلق سامان اور کرکٹنگ اشیاء کو عطیہ کرکے اپنا کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ہفتے کے روز 18 اپریل کو اپنی سالگرہ کے موقع پر ٹویٹر پر پوسٹ کیے گئے ایک ویڈیو پیغام میں راہل نے کہا کہ نیلامی سے حاصل ہونے والی تمام رقم اوئیر فاؤنڈیشن کو جائے گی ، جو ہندوستان میں بے گھر ، پسماندہ اور کمزور بچوں کو تعلیم کا حق فراہم کرنے کے لئے کام کرتی ہے ۔راہل نے کہا کہ میں نے اپنے اشتراکی رفیق بھارت آرمی کو اپنے کرکٹ پیڈ ، اپنے دستانے ، ہیلمٹ اور اپنی کچھ جرسی عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وہ ان چیزوں کو نیلام کریں گے اور نیلامی سے موصول ہونے والی مکمل رقم اوئیر فاؤنڈیشن کو دی جائے گی ۔یہ ایک ایسی فاؤنڈیشن ہے جو بچوں کی مدد کرتی ہے ۔ یہ بہت ہی خاص ہے اور میں اس کے علاوہ اور بہتر کا انتخاب نہیں کرسکتا۔ نیلامی کے لئے جو آئٹم دئے گئے ہیں ان میں راہل کے دستخط شدہ 2019 ورلڈ کپ بیٹ ، ٹیسٹ ، ون ڈے اور ٹی 20 جرسی کے ساتھ ان کے بیٹنگ کے دستانے ، ہیلمٹ اور پیڈ بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیلامی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور مجھ سے اور بچوں سے کچھ محبت کا اظہار کریں۔