یو این آئی
ہیملٹن//راچن رویندرا (79)، مارک چیپ مین (62) کی شاندار بلے بازی اور گیند بازوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت نیوزی لینڈ نے بدھ کو بارش سے متاثرہ ڈے نائٹ ایک روزہ مقابلے میں سری لنکا کو 113 رنوں سے شکست دے دی۔ اس کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی ہے ۔نیوزی لینڈ کے 255 رنز کے جواب میں بلے بازی کرنے اتری سری لنکا کی شروعات انتہائی خراب رہی اور محض 22 کے اسکور پر اپنے چار وکٹ گنوادئے ۔ پتھم نسانکا (ایک)، کوسل مینڈس (2)، اویشکا فرنینڈو (10) اور کپتان چارتھ اسالنکا (4) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے ۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آئے جنیت لیانگے نے کامندو مینڈس کے ساتھ اننگ کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ 17ویں اوور میں نیتھن اسمتھ نے جنیت لیانج (22) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ 25ویں اوور میں چامینڈو وکرماسنگھے (17) رن آؤٹ ہوئے ۔ وینندو ہسرنگا (ایک)، مہیش تیکشنا (6) اور احسان ملنگا (4) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے ۔ سری لنکا کی جانب سے کامندو مینڈس نے سب سے زیادہ (64) رنو کی اننگ کھیلی۔ نیوزی لینڈ کے باؤلنگ اٹیک کے سامنے سری لنکا کی پوری ٹیم 30.2 اوورز میں 142 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ نیوزی لینڈ کے راچن رویندرا کو 79 رنز کی شاندار اننگ کھیلنے پر ‘پلیئر آف دی میچ’ سے نوازا گیا۔