راولپنڈی// پاکستان کے راولپنڈی شہر میں منگل کی صبح رہائشی علاقے میں فوج کا ایک تربیتی طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا جس میں پائلٹ عملے کے پانچ اراکین سمیت کم از کم 19 افراد کی موت ہو گئی اور دیگر 10 زخمی ہو گئے ۔پاکستانی فوج کے میڈیا اور تعلقات عامہ محکمہ (آئی ایس پی آر ) نے ایک بیان جاری کر کے بتایا کہ فوج کا ایک تربیتی طیارہ اپنے حسب معمول تربیتی مشن پر تھا اور راولپنڈی شہر کے بیرونی علاقے میں حادثے کاشکار ہو گیا ۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ طیارے میں سوار دو پائلٹوں سمیت سبھی پانچ ارکان کی موت ہو گئی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق طیارہ حادثہ کی وجہ سے طیارے میں آگ لگ گئی اور آگ نے جائے حادثے کے ارد گرد کئی گھروں کو اپنے لپیٹ میں لے لیا۔ یہ تربیتی جیٹ طیارے راولپنڈی شہر سے کچھ دور ی پر واقع جبي گاؤں میں حادثے کا شکار ہو گیا ۔ طیارے کے گرنے سے اس کی زد میں آکر کم از کم چار مکانوں کو شدید نقصان پہنچا ہے اور ان میں آگ لگ گئی۔ پولیس اور سکیورٹی فورسز کے علاوہ راحتی عملے نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں کو اسپتال پہنچانے اور لاشوں کو باہر نکالنے کا کام شروع کر دیا ہے ۔ ضلع کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کے افسر عبدالرحمان نے میڈیا کو بتایا کہ 19 لاشوں اور 16 زخمیوں کو راولپنڈی شہر کے تین مختلف اسپتالوں میں بھیج دیا گیا ہے ۔ طیارہ حادثے کے پیش نظر راولپنڈی شہر اور دارالحکومت اسلام آباد کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی کا اعلان کر دیا گیا ہے ۔ آئی ایس پی آر نے ابھی تک طیارہ حادثے کی وجوہات کے متعلق معلومات کا اشتراک نہیں کیا ہے ۔