دوسری اننگز میں اپنی مجموعی برتری کو 477رن تک پہنچا دیا
یواین آئی
ہبلی/جموں و کشمیر نے کرناٹک کو فالو آن نہ کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے دوسری اننگز میں بلے بازی کی اور رنجی ٹرافی فائنل کے چوتھے دن جمعہ کے روز کھیل کے اختتام تک 4 وکٹوں پر 186 رن بنا لئے ہیں۔ اس طرح جموں و کشمیر نے اپنی مجموعی برتری کو 477رن تک پہنچا کر پہلی بار خطاب پر قبضہ کرنا یقینی بنا لیا ہے ۔جموں و کشمیر نے کرناٹک کو پہلی اننگز میں 293رن پر سمیٹنے کے بعد انہیں دوبارہ بلے بازی کی دعوت دینے کے بجائے خود کھیلنے کو ترجیح دی۔ دوسری اننگز میں سلامی بلے باز کامران اقبال نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے ناٹ آوٹ 94 رن بنائے ۔
عبد الصمد نے 32، کپتان پارس ڈوگرا نے 16 اور ساحل لوتھرا نے ناٹ آؤٹ 16 رن بنائے ۔ کرناٹک کی جانب سے پرسدھ کرشنا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل آج کرناٹک نے کل کے اسکور 5 وکٹ پر 220 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ صبح کے سیشن میں ساحل لوتھرا نے کرتک کرشنا 36 کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے چھٹی کامیابی حاصل کی۔ ودیا دھر پاٹل 11سنیل کمار کا شکار بنے ۔ 91ویں اوور میں عاقب نبی نے ایک اینڈ پر جم کر رن بنانے والے سنچری میکر میانک اگروال کو ایل بی ڈبلیو کر کے پویلین بھیج دیا۔ میانک اگروال نے 266 گیندوں پر 21 چوکوں کی مدد سے 160 رن کی اننگز کھیلی۔عاقب نبی نے شیکھر شیٹی (صفر) کو بھی آؤٹ کیا، جبکہ 94ویں اوور میں یودھویر سنگھ چرک نے پرسدھ کرشنا 4کو آؤٹ کر کے کرناٹک کی پہلی اننگز کا 293 رن پر سمیٹ دیا۔ جموں و کشمیر کے لیے عاقب نبی نے پانچ بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ یودھویر سنگھ چرک اور سنیل کمار کو دو دو وکٹیں ملیں، جبکہ ساحل لوتھرا نے ایک وکٹ حاصل کی۔