مینڈھر//چھجلہ سمکن علاقہ سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے حکام سے اپیل کی ہے کہ رام کنڈ سے سمکن جارہی 8کلو میٹر سڑک کو آمدورفت کے قابل بنایاجائے ۔مقامی لوگوں کے مطابق محکمہ تعمیرات عامہ نے پانچ کلو میٹر سڑک پر بنیادی کام کیا جس کے بعد ایم ایل اے مینڈھر جاوید احمد رانا نے باقیماندہ تین کلو میٹر سڑک کاکام بھی کروایاجس سے سمکن زیارت تک لوگوں کا آنا جانا شروع ہو گیاتاہم اس سڑک کی حالت خراب ہے جہاں گاڑیوں کا چلنا مشکل ہے ۔مقامی شہری مکھنا چوہدری کے مطابق ایم ایل اے مینڈھر جاوید احمد رانانے سڑک کو زیارت تک پہنچایاجس سے وہاں تک پہنچنے کا راستہ ہموار ہوا لیکن گاڑیوں کے چلنے کے بعد اب سڑک کی حالت خراب ہو چکی ہے جس سے لوگوں کا آنا جانا مشکل ہو گیا ہے۔انہوں نے ممبر اسمبلی سے اپیل کی کہ سڑک کی حالت کو بہتر بنایا جائے اور اس پر بجری ڈال کر تارکول بچھایاجائے تاکہ لوگ آسانی سے آجاسکیں۔ان کاکہناہے کہ یہ زیارت ایک پہاڑی پر واقع ہے جہاں بڑی تعداد میںلوگ آتے جاتے ہیں اس لئے سڑک کی مرمت کرکے اسے قابل آمدورفت بنایاجائے۔