جموں//جموں شہرمیں رام نومی اوربرائی پراچھائی کے تہوارمذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منائے گئے ۔رام نومی کے موقعہ پر نوراتروں کے دوران گھروں میں بیجی گئی ساکھ کاوسرجن کیا۔علاوہ ازیں دسہرہ کے موقعہ پر راون اوراس کے بھائی کنبھ کرن اوربیٹے میگھ ناتھ کے پتلے کونذرآتش کرکے برائی پراچھائی کی جیت کے جشن کومنایاگیا۔دسہرہ تہوارکے سلسلے میں جموں شہرمیں سناتن دھرم سبھانے پریڈمیں شوبھایاترانکالی ۔اس دوران شوبھایاترا رگھوناتھ بازارسے شروع ہوئی اورپریڈپہنچ کراختتام پذیرہوئی ۔دھرمارتھ ٹرسٹ ہرسال یہ جھانکی ریلی نکالتاہے ۔اس موقعہ پر دھرمارتھ ٹرسٹ کے ٹرسٹی ایم کے اجات شتروسنگھ اورصدربی آرکنڈل کے علاوہ ڈاکٹرست پال اورکماررن وجے سنگھ بھی رتھ کے ہمراہ تھے ۔دسہرہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صلاحکار بی بی ویاس نے کہاکہ یہ تہواربرائی پراچھائی کی جیت کی علامت ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہمیں یہ تہواریاددہانی کراتاہے کہ ہمیشہ سچائی کی فتح ہوتی ہے۔تقریب میں ایم ایل اے جموں ایسٹ راجیش گپتا، ایم ایل سی رمیش اروڑہ ،پرنسپل سیکریٹری روہت کنسل، صوبائی کمشنر جموں سنجیوکمارورما،آئی جی پی جموں ایس ڈی جموال، ڈپٹی کمشنرجموں رمیش کمارودیگران بھی موجودتھے۔قبل ازیں شوبھایاترا مختلف بازاروں سے ہوتی ہوئی پریڈگرائونڈپہنچی جہاں پرلوگوں نے راون،اس کے بھائی اوراس کے بیٹے کے پتلے نذرآتش کئے۔اس دوران حکام نے سیکورٹی کے سخت اقدامات کئے تھے۔تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے گورنر کے مشیر بی بی ویاس نے مہا نومی اور دسہرہ کے موقعہ پر ریاستی عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے یہ تہوار ریاست کے لئے خوشحالی اور ترقی کا پیغام لے کر آئیں گے۔مبارک بادی کے پیغام میں ویاس نے کہا ہے کہ مذہبی تہواروں کو مل جُل کر منانا ہماری ثقافت کا ایک ناقابل تنسیخ حصہ ہے۔مشیر موصوف نے ریاست کے عوام کی خوشحالی کے لئے دُعا کی ہے۔