محمد تسکین
بانہال // ضلع رام بن میں تحصیل کھڑی کے دور افتادہ گائوں مہو سے تعلق رکھنے والے سوشل میڈیا سٹار کو انٹرٹینمنٹ کرکٹ لیگ کیلئے منتخب کیا گیا ہے ،وہ دہلی ڈائنامکس کیلئے کھیلیں گے۔ اس نوجوان نے اس کارنامہ کو انجام دیکر نئی تاریخ رقم کردی ہے اور ان کے فالور اور ضلع رام بن بانہال کے لوگوں میںخوشی پائی جارہی ہے۔ سوشل میڈیا سٹار شاہد ارشاد نائیک کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر 4 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں اور وہ پچھلے کئی سالوں سے یوٹیوب اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارموں پر متحرک ہیں۔شاہد ارشاد نائیک کو دہلی ڈائنامکس نے ممبئی میں لگائی گئی بولی میں 5 لاکھ روپے میں خریدا ہے۔ انٹرٹینمنٹ کرکٹ لیگ ٹورنامنٹ اگلے ماہ سے ممبئی میں شروع ہو رہی ہے۔ شاہد ارشاد نائیک صوبہ جموں کے واحد سوشل میڈیا سٹار ہیں جو ECL میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ انٹرٹینمنٹ کرکٹ لیگ ایک منفرد کرکٹ ٹورنامنٹ ہے جو T-10 کرکٹ فارمیٹ میں کھیلا جاتا ہے اور اس میں سوشل میڈیا پر اثر انداز افراد کو کرکٹ کھیلنے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے جو کرکٹ اور تفریح کو ایک ساتھ لاکر ان کے اندر کرکٹ کے ٹیلنٹ کو ظاہر کرنے کیلئے پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے۔ ان کے والد ارشاد علی نائیک حال میں میں لیکچرار کے طور سبکدوش ہوئے ہیں جبکہ شاہد کے بڑے بھائی شوکت ارشاد مہو منگت کے ایک سماجی کارکن ہیں۔