محمد تسکین
بانہال// اس بار کے پارلیمانی انتخابات میں ادھم پور۔ کٹھوعہ اور ڈوڈہ نشست پر ووٹنگ کی شرح بڑھنے کے امکانات تھے اور الیکشن سے پہلے دن یعنی جمعرات کو ووٹنگ کے تئیں عام لوگوں میں دلچسپی پائی جارہی تھی لیکن جمعہ کی صبح سے ہی بارشوں کے جاری سلسلے کی وجہ سے وادی چناب کے بانہال گول اور رام بن میں موسمی خرابی کیوجہ سے ووٹنگ کی شرح امید سے کم ریکارڈ کی گئی ہے۔ پوری ادھم پور پارلیمانی نشست پر شام پانچ بجے تک ووٹنگ کی شرح 65 فیصدی رہی تھی جبکہ ضلع رام بن میں بانہال گول اسمبلی نشست پر شام پانچ بجے تک چھپن اعشاریہ آٹھ فیصد اور رام بن نشست پر شام پانچ بجے تک قریب پینسٹھ فیصدی ووٹ ریکارڈ کئے گئے تھے۔ بارشوں کے باوجود رام بن اور بانہال کے علاقوں میں جمعہ کی صبح سے ہی برستی بارشوں کے باوجود لوگوں نے پولنگ سٹیشنوں کا رخ کیا تاہم خواتین کی تعداد کئی سٹیشنوں پر کم دیکھی گئی۔دوپہر ہوتے ہوتے موسم میں بہتری آئی اور ووٹنگ کی شرح میں بتدریج اضافہ ہوتا گیا اور پچھلے انتخابات کے مقابلے میں اس بار ووٹنگ کی شرح کچھ بہتر اور توقع سے کم رہی۔ ضلع رام بن کے نئے ووٹروں میں پہلے ووٹ کیلئے جوش و خروش تھا اور بیشتر ووٹروں نے بیروزگاری ، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور تعمیر وترقی کے مدعوں کو لیکر اپنے پسندیدہ امیدوار کو ووٹ کیا ہے۔ ضلع الیکشن آفیسر رام بن بصیر الحق چودھری ، ایس ایس پی رام بن انوج کمار کے علاؤہ الیکشن کیلئے تعینات مجسٹریٹوں سیکٹر ، زونل مجسٹریٹوں اور دیگر الیکشن عملے کی ٹیمیں شہر و گام اور دور دیہات میں سردی اور برستی بارش کے باوجود حرکت میں رہیں اور پولیس اور مرکزی حفاظتی دستوں کی مدد سے سیکورٹی کے پختہ انتظامات کئے گئے تھے اور ضلع رام بن کے کسی بھی علاقے سے کسی قسم کے امن و قانون کے واقع کی کوئی اطلاع محصول نہیں ہوئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر رام بن بصیر الحق چودھری نے بانہال میں کشمیر عظمی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ضلع رام بن میں ووٹنگ کی شرح صبح سے ہی بہتر رہی اور بارشوں کے باوجود پہلے دو گھنٹوں میں دس فیصد سے زائد ووٹ پڑے۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں کی وجہ سے کچھ اثر پڑا اور اس تمام صورتحال کے باوجود پولنگ کی شرح گزشتہ الیکشن کے مقابلے میں بہتری کی طرف بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ کو قابل آمدورفت رکھنے کیلئے پولیس ، ٹریفک پولیس اور نیشنل ہائے وے اتھارٹی اف کے حکام متحرک ہیں اور ماروگ کے پاس گر آئے بھاری پتھروں کو سڑک سے صاف کرکے شاہراہ کو بحال کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گول بانہال اور رام بن کے دور افتادہ علاقوں سے پولنگ پارٹیوں اور میٹریل کو لانے کیلئے تمام انتظات مکمل ہیں۔