رام بن //ضلع ہیڈکواٹر قصبہ رام بن کے مکینوں نے وقت کی سرکاروں پر قومی شاہراہ کے قصبہ کو ترقیاتی شعبہ میں نظر انداز کرنے کا مبینہ الزام لگایا ہے۔ان لوگوں نے شکایت کی ہے کہ انتظامیہ اور متعلقہ حُکام کی عدم توجہی سے گُذشتہ سات دہائیوں کے دوران بہت ہی کم ترقی ہوئی ہے۔انہوں نے الزام لگا یا ہے کہ سرکار اور ضلع انتظامیہ کے ترقی کے دعوئوں کی پول موسم سرما میں کھُل جاتی ہے جب ضلع کی تمام سڑکوں اور نالیوں پر بارش کا پانی اکٹھا ہوتا ہے،نتیجہ کے طور پر قصبہ کے مکینوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اس مسئلہ سے بوڑھے بزرگوں اور بچوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے اگرچہ کئی نالیوں کی مرمت کی ہے لیکن بارش کے پانی کو صیح سمت میں نہیں موڑا گیا ہے،جسکی وجہ سے یہ گندہ پانی سڑکوں پر جمع ہو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مین روڈ، کورٹ روڈکو جوڑنے والی گلیوں کی اہمیت بہت ہی زیادہ ہے کیونکہ یہ واحد سڑک ضلع ہسپتال، ضلع کورٹ کمپلیکس ،تعلیمی اداروں ،پولیس اسٹیشن کو جوڑتی ہے ،جسکی مرمت کرنے کی اشد ضرورت ہے ،مکینوںنے اس سڑک کو کشادہ کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔