اشرف چراغ
کپوارہ//پنجواہ رامحال میں آگ کی ایک تباہ کن واردات میں 4رہائشی مکانات اور 4گائو خانے اور5شیڈ جل کر خاکستر ہوئے جس میں لاکھو ں روپے کی جائیداد راکھ کی ڈھیر میں تبدیل ہوئی ۔ پیر کو دوران شب محمد جمال تیلی کے مکان سے اچانک آگ نمودار ہوئی جس نے آس پاس عبد الرشید تیلی اور عبد الرحمان میر کے مکانو ں اورچار گائوخانوں کوبھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔مقامی لوگو ں کے مطابق آگ کے شعلے اس قدر تیز تھے کہ بچائو کارروائی میں زبردست مشکلات پیش آئیں تاہم فائر بر گیڈئر کی بر وقت کاروائی سے دیگر رہائشی مکانو ں کو بچایا گیا ۔محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے آتشزدگی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس واقعے سے متعلق اطلاع موصول ہوتے ہی 6 فائر اسٹیشنوں سے فائر ٹنڈرس کو جائے موقع پر بھیج دیا گیا جو آگ بجھانے کی کوششوں میں جٹ گئے ۔انہوں نے کہا کہ سخت محنت کے بعد آگ کو قابو میں کر لیا گیا تاہم اس واقعے میں 4 دو منزلہ رہائشی مکان، 4 گائو خانے اور 5 شیڈ خاکستر ہوگئے ۔ان کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں تاہم خوش قسمتی کی بات یہ ہے کہ اس میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔دریں اثنا مقامی لوگوں نے حکومت سے متاثرین کو فوری امداد کرنے کی اپیل کی ہے۔