رمیش کیسر
نوشہرہ //جموں–راجوری–پونچھ قومی شاہراہ پر پیر کی شام ایک سڑک حادثے میں کم از کم پانچ مسافر زخمی ہو گئے۔ حادثہ سب ڈویژن نوشہرہ کے دلیان علاقے کے قریب اْس وقت پیش آیا جب ایک ٹیمپو ٹریولر اور ایک ڈمپر آپس میں آمنے سامنے ٹکرا گئے۔پولیس کے مطابق تصادم اس قدر شدید تھا کہ جائے حادثہ پر افراتفری پھیل گئی اور کچھ وقت کے لئے شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔ مقامی لوگوں اور پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر ریسکیو کارروائی شروع کی اور زخمیوں کو باہر نکالا۔موصولہ معلومات کے مطابق ٹیمپو ٹریولر زیر نمبر JK11G-9495 جموں سے راجوری کی جانب جا رہا تھا، جبکہ ڈمپر زیر نمبر JK11E-0570 مخالف سمت سے آ رہا تھا۔ دلیان کے قریب دونوں گاڑیاں آمنے سامنے ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں ٹیمپو ٹریولر میں سوار پانچ مسافر زخمی ہو گئے۔تمام زخمیوں کو فوری طور پر گورنمنٹ سب ڈسٹرکٹ ہسپتال نوشہرہ منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔زخمیوں کی شناخت گرمیل سنگھ ولد بلویندر سنگھ ساکن قلعہ درہال، نبھے سنگھ ولد دیپ سنگھ ساکن قلعہ درہال، سجاد احمد ولد طالب حسین ساکن چندیا چوکی، نازیہ کوثر دختر شہباز احمد اور سبزہ بیگم دختر عبد القیوم، سکنہ دھانورہ راجوری کے طور پر ہوئی ہے۔پولیس نے حادثے میں ملوث دونوں گاڑیوں کو تحویل میں لے لیا ہے اور پولیس اسٹیشن نوشہرہ میں متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔