راجوری//خوراک اور امور صارفین کے وزیر چودھری ذولفقار علی نے سماجی بدعات کے خاتمے کیلئے عوام کو مِل جُل کر کوششیں کرنے پر زور دیا ہے ۔ غیر سرکاری رضا کا ر تنظیم سنگھرش کی طرف سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ راجوری ڈے ملک کے تئیں قربانیوں کو یاد کرنے کے طور منایا جاتا ہے تا کہ نوجوان نسل کو قربانیوں کے جذبے سے ہم آہنگ کیا جائے ۔ انہوں نے سماجی بدعات کے خاتمے کیلئے نوجوانوں کو موثر رول ادا کرنے کی تلقین کی ۔ وزیر نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ سماجی اور مذہبی تنظیموں کو ریاست کے تمدن ، ثقافت اور اخلاقی قدروں کو فروغ دینے میں شامل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ راجوری اور پونچھ صوفی مزاج کیلئے جانے جاتے ہیں اور یہاں کے درخشاں ماضی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے سماجی بدعات کا خاتمہ لازمی ہے ۔ اس سے قبل وزیر نے درہال میں میڈیکل کالج کی جگہ کا معائینہ کر کے کام کی پیش رفت کا جائیزہ لیا ۔