راجوری //خطہ پیر پنچال کے دونوں سرحدی اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے جس کی وجہ سے عام زندگی متاثر ہو کررہ گئی ہے ۔دونوں سرحدی اضلاع میں سنیچر کی صبح سے ہی بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا جس کے دوران کئی علاقوں میں شدید درجہ کی بارشیں ہوئی ۔ضلع راجوری کے پہاڑی علاقوں جن میں تھنہ منڈی ،کنڈی اور منجا کوٹ کے لگ بھگ سبھی دیہات میں شدید بارش ہوئی جس کا سلسلہ دو گھنٹوں تک جاری رہا۔اسی طرح سرحدی ضلع پونچھ میں درمیانہ درجہ کی بارشوں کا سلسلہ جاری رہا ۔ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گزشتہ روز ہوئی بارش کی وجہ سے دونوں سرحدی اضلاع میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی تاہم دونوں اضلاع میں سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچنے کی اطلاع موصول ہورہی ہے ۔دریں اثنا جموں وکشمیر پولیس نے ضلع راجوری میں جاری کردہ اپنی تازہ ایڈوائزی میں کہا کہ پانی ودیگر خطرے والے مقامات سے دور رہیں تاکہ کسی بھی نقصان سے بچا جاسکے ۔پولیس ہیڈ کوارٹر کی جانب سے جاری کردہ ہدایت میں کہا گیا ہے کہ لوگوں کو چاہئے کہ وہ بارشوں کے دوران خطرے والی جگہوں سے دور رہیں اور کسی بھی مشکل کے دوران انتظامیہ کیساتھ رابطہ قائم کریں ۔