راجوری+پونچھ //خطہ پیر پنچال کے دونوں سرحدی اضلاع میں ہوئے 3سڑک حادثوں میں 8افراد زخمی ہو گئے جبکہ جموں وکشمیر پولیس نے اس سلسلہ میں مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔جموں پونچھ شاہراہ پر راجوری ضلع پیش آئے ایک سڑک حادثے میں ڈویژنل فارسٹ آفیسر سمیت 2افراد زخمی ہو گئے ۔پولیس نے بتایا کہ مذکو رہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب آفیسر موصوف اپنے ڈرائیور کے ہمراہ اپنی گاڑی میں موجود تھے تاہم مخالف سمت سے آنے والی ایک بس نے ان کو ٹکر مار دی ۔انہوں نے بتایا کہ حادثے میںزخمی ہوئے ڈی ایف او سوشل فارسٹری راکیش صراف اور ان کے ڈرائیور کو نوشہرہ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر ابتدائی علاج معالجہ فراہم کرنے کے بعد گور نمنٹ میڈیکل کالج جموں ریفر کر دیا گیا ۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔اسی طرح سرحدی ضلع پونچھ کے شاہپور علاقہ میں ایک مسافر بس زیر نمبر JK02V-1133ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہو کر کھیت میں جا گری جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 5افراد زخمی ہوگئے ۔منگل کی سہہ پہر پونچھ سے ایک بس شاہ پور جارہی تھی کہ اسلام آباد گونتریاں میں اچانک گاڑی کے ڈرائیور کاگاڑی پر سے کنٹرول کھو گیا اور گاڑی سڑک سے ایک گہری کھائی میں جا گری جس کی وجہ سے گاڑی میں سوار 5 افراد شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ مقامی لوگوں نے بمشکل تمام لوگوں کو گاڑی کے نیچے سے نکالا اور زخمیوں کو فوری طور پر راجہ سکھدیو سنگھ ضلع ہسپتال پونچھ پہنچایا گیا۔جہاں ڈاکٹروں نے ان کا علاج معالجہ شروع کر دیا۔میڈیکل سپرنا ٹینڈنٹ ضلع ہسپتال پونچھ ڈاکٹر مشتاق حسین جعفری نے بتایا کہ تمام افراد خطرے سے باہر ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ایک زخمی کی حالت نازک ہے ڈاکٹر دیکھ رہے ہیں اگر ضرورت پڑتی ہے تو اس کو جموں منتقل کیا جائے گا ۔اس دوران اضافی ترقیاتی کمشنر پونچھ ڈاکٹر بشارت حسین انقلابی بھی ہسپتال پہنچے جنہوں نے ریڈ کراس کی رقومات سے تمام زخمیوں کو پانچ پانچ ہزار روپے کی امداد فراہم کی۔ پولیس نے معاملہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی ہے ۔اسی طرح مغل شاہراہ پر ایک موٹر سائیکل سوار ٹرک کے نیچے آکر شدید زخمی ہو گیا ۔پولیس نے بتایا کہ مغل شاہراہ کے پوشانہ علاقہ پیش آئے حادثے میں زخمی ہونے والے موٹر سائیکل سوار کی شناخت رائس احمد ولد محمد یاسین سکنہ تھنہ منڈی راجوری کے طورپر ہوئی ہے ۔زخمی نوجوانوں کو علاج معالجہ کےلئے گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری منتقل کر دیا گیا جبکہ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کر تے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔