راجوری //پچھلے کئی عرصہ سے تنقید کا نشانہ بنے رہے راجوری ضلع ہسپتال میں دو ماہ کے ایک بچے کا کامیابی کے ساتھ آپریشن کیاگیا جو صرف میڈیکل کالج کی سطح پر ہی ہوسکتاہے۔دوماہ کے ایان ولد محمد شبیر ساکن وارڈ نمبر دو راجوری کوکچھ تکلیف تھی جسے ضلع ہسپتال راجوری میں داخل کرایاگیاجہاں اس کا کامیابی سے آپریشن کیاگیا۔ہسپتال کی طرف سے جاری بیان کے مطابق داخلے کے بعد اس کا علاج شروع کیاگیا۔بیان میں بتایاگیاہے کہ اس کی تشخیص کئے جانے کے بعد یہ فیصلہ لیاگیاکہ آپریشن ضلع ہسپتال میں ہی کیاجائے گا اور اس سلسلے میں ایک ٹیم جو ڈاکٹر مشتا ق چوہدری ، ڈاکٹر بشیر احمد خان ،اشو ک کمار ، حفیظ احمد ، ریاض احمد اور محمد پرویز پر مشتمل تھی ،نے کامیاب آپریشن کیا ۔یہ آپریشن دوگھنٹے تک جاری رہا۔ہسپتال کے میڈیکل سپرینڈنٹ ڈاکٹر محمود بجاڑ کاکہناہے کہ معمول کے مطابق اس طرح کے کیس گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں منتقل کردیئے جاتے ہیں لیکن انہوںنے یہ فیصلہ لیاکہ اس چیلنج کو قبول کریںگے اور یہیں پر آپریشن کیاجائے گا۔انہوںنے کہاکہ ہسپتال کی ٹیم نے کامیاب جراحی کی ہے ۔