راجوری//وزیربرائے خوراک ، شہری رسدات ،امورصارفین و قبائلی امور چوہدری ذوالفقار علی نے ضلع انتظامیہ کی طرف سے تیار کی گئی گرلز لائبریری کا افتتاح کرکے اسے لڑکیوں کے نام وقف کیا ۔ اس موقعہ پر ممبراسمبلی راجوری چوہدری قمر حسین ، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری ، ڈائریکٹر امورصارفین اے آر انقلابی ، اے سی ڈی نور عالم ، ضلع سوشل ویلفیئر افسر ڈاکٹر عبدالخبیر ، ڈپٹی رجسٹرار کوپریٹوز وقار طالب و دیگر افسران بھی موجود تھے ۔اس لائبریری میں2ہزار کتابوں کی دستیابی اور 45ہزار آن لائن کتب تک رسائی ہوگی جن کے ذریعہ آئی اے ایس ، کے اے ایس ، سیول سروسز ، میڈیسن ، انجینئرنگ ، این ای ای آر ، جنرل نالج ، ایپٹی چیوڈ ٹیسٹ ، یو پی ایس سی ، جے و کشمیر پبلک سروس کمیشن امتحانات کیلئے تیار ی کی جاسکتی ہے ۔یہ ادارہ ریکارڈ مدت میںچھ ماہ کے اندر پایہ تکمیل تک پہنچاہے اوراس کی نگرانی کاکام ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال کی سربراہی والی ٹیم کرتی رہی۔انتظامیہ کی طرف سے ضلع سوشل ویلفیئر افسر راجوری ڈاکٹر عبدالخبیر کو نوڈل افسر نامزد کیاگیاہے۔ضلع انتظامیہ کی یہ ایک اہم پیشرفت ہے اورلائبریری سے کیریئر کونسلنگ اور سکل ڈیولپمنٹ سنٹر بھی منسلک ہوںگے جس سے لڑکیوں کی مجموعی ترقی ممکن ہوسکے گی۔اس لائبریری کی ممبر شپ حاصل کرناپڑے گی اور دسویں جماعت سے لیکر پوسٹ گریجویٹ و امتحانات دینے والی لڑکیوں کو ماہانہ صرف سو روپے فیس ادا کرناہوگی جبکہ بی پی ایل کنبوںسے تعلق رکھنے والی لڑکیوں کیلئے یہ فیس محض پچاس روپے رہے گی۔موسم سرما کے دوران یہ لائبریری 12گھنٹے جبکہ موسم گرما کے دوران 16گھنٹے کھلی رہے گی اور ابتدائی طور پر اس کیلئے 200طالبات کا اندراج کیاجائے گا۔لائبریری قائم کرنے پر ضلع انتظامیہ کی سراہنا کرتے ہوئے چوہدری ذوالفقار نے کہاکہ یہ لائبریری طالبات کو ایک لازمی پلیٹ فارم مہیا کرے گی ۔انہوںنے کہاکہ اس سے طالبات مسابقتی امتحانات کیلئے خود کو تیار کرسکیںگی اورکتب بینی کا شوق بھی پیدا ہوگا۔ انہوںنے طالبات پر زور دیاکہ وہ اپنی تعلیم محنت ولگن سے حاصل کریں اور مواقع کا فائدہ اٹھائیں ۔