عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ضلع راجوری قصبہ کے نزدیک جنگلی علاقے میں ہفتہ کے روز ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں کرنٹ لگنے سے ایک نوجوان کی موت واقع ہوگئی۔ پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت امجد حسین ولد محمد سلیم سکنہ گوہلد مینڈھر کے طور پر ہوئی ہے، جو اس وقت راجوری قصبہ میں ایک دکان چلا رہا تھا۔اطلاعات کے مطابق نوجوان اپنے مویشیوں کے لئے درختوں کے پتے جمع کرنے جنگلاتی علاقے میں گیا تھا، جہاں مبینہ طور پر وہ ایک بجلی کی زندہ تار کی زد میں آگیا اور موقع پر ہی شدید برقی جھٹکا لگنے سے اس کی موت ہوگئی۔ مقامی لوگوں نے بعد میں اس کی لاش جنگل میں پڑی دیکھی اور فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دی۔پولیس ٹیم موقع پر پہنچی اور لاش کو تحویل میں لے کر ضروری قانونی کارروائی شروع کی۔
بعد ازاں پوسٹ مارٹم جی ایم سی راجوری میں انجام دیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں تاکہ اصل وجوہات کا پتہ چلایا جا سکے۔ادھر متوفی کے اہلِ خانہ اور رشتہ داروں نے جی ایم سی راجوری کے باہر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔ مظاہرین کا الزام تھا کہ یہ حادثہ ایم ای ایس کی مبینہ لاپرواہی کے باعث پیش آیا کیونکہ جنگلاتی علاقے میں بجلی کی تاریں انتہائی نچلی سطح پر گزری ہوئی تھیں، جو عوام اور مویشیوں کے لئے خطرہ بنی ہوئی ہیں۔لواحقین نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کر کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور مستقبل میں ایسے حادثات سے بچنے کے لیے حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ مقامی لوگوں نے بھی انتظامیہ سے اپیل کی کہ خطرناک بجلی کی تاروں کو فوری طور پر درست کیا جائے تاکہ مزید قیمتی جانیں ضائع ہونے سے بچ سکیں۔