راجوری //راجوری ضلع کے سرحدی علاقوں میں مشکوک نقل و حرکت اور فائرنگ کے تبادلے کے سلسلہ میں شروع کر دہ تلاشی مہم چوتھے روز بھی جاری رہی ۔ذرائع نے بتایا کہ سندر بنی کے سرحدی علاقوں میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے شروع کی گئی تلاشی مہم جمعہ کے روز بھی جاری رکھی گئی ۔غور طلب ہے کہ سندر بنی کے دادل گائوں میں گزشتہ دنوں ہوئی مشکوک نقل و حرکت کی اطلاعات ملنے کے بعد فوج کی جانب سے ایک تلاشی مہم شروع کی گئی تاہم ابھی تک کوئی مشکوک چیز برآمد نہیں ہوئی ۔سرکاری ذرائع نے تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ مشکوک نقل و حرکت کی اطلاع موصول ہونے کیساتھ ہی سیکورٹی فورسز کی جانب سے ایک آپر یشن شروع کیا گیاتھا ۔انہوں نے بتایا کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب آپریشن کے دوران پُر اسرار طور پر گولی چلنے کی وجہ سے ایک فوجی اہلکار زخمی ہو گیاتھا تاہم حکام نے بتایا کہ فائرنگ کا کوئی دوبارہ سے واقعہ پیش نہیں آیا ہے لیکن اس کے باوجود بھی بھی جمعہ کے روز مہم کو مسلسل جاری رکھا گیا ۔فوجی ذرائع نے بتایا کہ تلاشی کے دوران تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی جارہی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ علاقہ میں مبینہ طورپر موجود ملی ٹینٹوں کی تلاش کا سلسلہ لگاتار جاری ہے ۔